منگل 17 نومبر 2026 - 20:08
آہ ! ایک شمع اور بجھی اور بڑھی تاریکی؛ آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی  مذہبی دنیا میں ایام ِعزائے فاطمیہ نامی ایک عالمی تحریک کے بانی

حوزہ/ مجمع علماء وواعظین پوروانچل نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ اسلام کا عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا اور امام زمانہؑ، مراجعِ عظام، علمائے کرام اور مرحوم کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور(اعظم گڑھ)ہندوستان/ حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی ایک عظیم شیعہ مرجع اور مجتہد تھے جو نیشاپور ایران میں1؍جنوری1921ء کو پیدا ہوئے تھے ۔ آپ حوزہ علمیہ قم کے ایک نامور اور بزرگ زعیم تھے۔ آپ کو فلسفہ، منطق، تفسیر اور علم کلام کا استاد تصور کیا جا تا ہے۔ آپ کو مفسر زماں بھی کہا جاتا ہے۔ ’آیت اللہ وحید خراسانی کئی دہائیوں تک دینی علوم کی تعلیم، تحقیق اور تدریس سے وابستہ رہے۔

انھوں نے مذہبی شعائر کے تحفظ اور دینی علما ءکی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔انھوں نے حضرت فاطمہ زہرا ا سلام اللہ علیہا کی دردناک شہادت اور شہزادی عصمت پر ڈھائے گئے مظالم کے خلاف احتجاج کے طور پرایام عزائے فاطمیہ نامی ایک عالمی تحریک کی بنیاد رکھی جو آج پوری دنیا میں بلا اشتعال نہایت پر امن اور غمناک طریقے سے جاری ہے۔ وہ آیت اللہ العظمیٰ خوئی کے فقہی مکتب کے بڑے شارح اور پیروکار مانے جاتے تھے۔ فاطمیہ کے ایام میں عزاداری کے قیام اور اسے سرکاری سطح پر اہمیت دینے میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے ۔

آپ تقریبا ایک سو آٹھ سال سے زیادہ کی عمر میں 17؍نومبر 2026ء کو اس دار فانی سے عالم جاودانی کی طرف رحلت فرماگئے۔بیشک آپ کا انتقال علمی و مذہبی دنیا کے لئے عظیم خسارہ ہے۔آپ کے انتقال پرملال سے دیوار اسلام میں ایسا رخنہ پید ا ہو گیا جو قیامت تک پر نہ ہوگا۔انا للہ وانا الیہ راجعون

اس عظیم سانحہ ارتحال پر ہم مجمع علماءوواعظین پوروانچل کی جانب سے مرحوم کے بلندی درجات کی دعاء کرتے ہیں اور حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف ،مرحوم کے جملہ لواحقین،معتقدین،علماء و مراجع دین و مومنین کرام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبراکاتہ۔"اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهُ عِنْدَكَ فِي أَعْلَى عِلِّيِّينَ"

خادم علم و علماء

سوگوار

ابن حسن املوی واعظ

سربراہ مجمع علماءوواعظین پوروانچل

۱۷؍نمبر ۲۰۲۶ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha