تحریر: مولانا سید نجیب الحسن زیدی
حوزہ نیوز ایجنسی | کسی عالم کی شخصیت کا مطالعہ محض اس کے علمی مقام، فقہی آرا یا سیاسی رجحانات کے بیان کا نام نہیں، بلکہ اس کے فکری مزاج، علمی ترجیحات، دینی حساسیت، علمی خدمات اور اس کے اثرات کو ایک ساتھ دیکھنے کا تقاضا کرتا ہے۔ بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی زندگی میں علم و عمل کے کئی ایسے پہلو جمع ہوتے ہیں جو بسا اوقات ایک دوسرے سے مختلف دکھائی دیتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک مخصوص دینی اور فکری تصور کے تحت مربوط ہوتے ہیں۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ بھی ایسی ہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو فقہ و اصول میں غیر معمولی مہارت، دوسرا قرآن و حدیث سے گہرا تعلق، تیسرا اہل بیت علیہم السلام کے مقام و مظلومیت کے دفاع میں غیر معمولی حساسیت اور چوتھا حوزہ علمیہ کی علمی خودمختاری اور استقلال پر اصرار ہے۔
ان کے انتقال پر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای مد ظلہ العالی کے تعزیتی پیغام میں انہیں حوزہ علمیہ کے بنیادی ستونوں میں سے ایک اور فقہ و اصول کی تعلیم کا عظیم استاد قرار دینے۔ اور انکے علمی خدمات، مسلسل جدوجہد اور مضبوط طرز بیان کی تحسین اس بات کی بیانگر ہے آیت اللہ العظمی وحید خراسانی رح دور معاصر کی لازوال شخصیات میں ایک تھے
جو جتنا قرآن و اہلبیت ع سے وابستہ تھے اتنا ہی فلسفی مباحث سے بھی آشنا تھے
فلسفہ سے اختلاف: علم دشمنی نہیں، منبعِ معرفت کی ترجیح
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے فکری رجحانات میں ایک اہم مسئلہ فلسفے کی حوزوی تعلیم ہے۔ وہ طلاب کے لیے فلسفے میں غیر ضروری مشغولیت کے مخالف تھے۔ ان کا استدلال یہ تھا کہ قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام کی روایات میں معرفتِ الٰہی، توحید، نبوت، امامت، معاد اور انسانی زندگی کے بنیادی سوالات کے جوابات موجود ہیں۔ لہٰذا ایک طالب علم کو اپنی علمی زندگی کا اصل سرمایہ کتاب و سنت سے حاصل کرنا چاہیے۔
یہاں ایک اہم نکتہ قابل توجہ ہے کہ ان کی یہ رائے کسی ایسے شخص کی رائے نہیں تھی جس نے فلسفے سے کبھی واسطہ ہی نہ رکھا ہو۔ انہوں نے میرزا مہدی آشتیانی اور میرزا ابوالقاسم الٰہی جیسے اساتذہ سے فلسفہ اور علوم عقلی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ اس لیے فلسفے سے ان کا اختلاف ایک علمی تجربے اور فکری انتخاب کے بعد سامنے آیا۔
ان کے اس موقف کو سمجھنے کے لیے دو چیزوں میں فرق کرنا ضروری ہے:
ایک یہ کہ فلسفہ بطور علم اپنی تمام تر صورتوں میں باطل یا بے فائدہ ہے۔
دوسرا یہ کہ حوزہ علمیہ کے ہر طالب علم کے لیے فلسفیانہ مباحث میں تخصص حاصل کرنا ضروری نہیں، خصوصاً اس وقت جب اس کی بنیادی ذمہ داری قرآن، حدیث، فقہ، اصول اور معارف اہل بیتؑ میں رسوخ حاصل کرنا ہو۔
ان کے موقف کو دوسری تعبیر میں سمجھنا زیادہ منصفانہ ہوگا، اگرچہ فلسفے کے بارے میں ان کے بعض بیانات میں سختی اور عدم افادیت کا پہلو بھی نمایاں ہے۔
اس موقف سے اختلاف رکھنے والے اہل علم کے لیے بھی یہ بات اہم ہے کہ فلسفے اور حکمت کے دفاع میں قرآن و حدیث کی مرکزیت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ اسی طرح قرآن و حدیث کی مرکزیت کا دفاع کرتے ہوئے عقل اور عقلی استدلال کی علمی افادیت کو یکسر مسترد کرنا بھی مناسب نہیں۔
درحقیقت اسلامی علمی تاریخ میں فلسفہ، کلام، عرفان، تفسیر، حدیث اور فقہ کے درمیان ایک طویل علمی مکالمہ موجود رہا ہے۔ اس مکالمے کی بقا ہی علمی ارتقا کی ضمانت ہے۔
فلسفہ: ذاتی تجربے سے قرآنی و روائی ترجیح تک
آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے علمی مزاج اور فکری رجحان کا ایک نمایاں پہلو فلسفے کے بارے میں ان کا مخصوص نقطۂ نظر ہے۔ وہ حوزۂ علمیہ کے ان بزرگ علماء میں شمار ہوتے تھے جو دینی علوم کی بنیاد قرآن کریم اور اہل بیتؑ کی روایات کو قرار دیتے تھے اور ان کے نزدیک معرفتِ دینی کے حصول میں ان دونوں سرچشموں کی مرکزیت کسی دوسرے علمی مکتب یا فلسفیانہ نظام سے زیادہ اہم تھی۔
جیسا کہ ہم نے پہلے اجمالا ذکر کیا ان کے موقف کو سمجھنے کے لیے یہ بات پیش نظر رہنی چاہیے کہ فلسفے کے بارے میں ان کی تنقید محض اس علم سے ناواقفیت یا اس کے مطالعے سے گریز کا نتیجہ نہیں تھی۔ اس کے برعکس، انہوں نے اپنی زندگی کے ایک مرحلے میں فلسفے کا باقاعدہ مطالعہ کیا تھا اور اس کے ممتاز اساتذہ سے استفادہ بھی کیا تھا۔ اس حقیقت کا اعتراف انہوں نے خود اپنے ایک درسِ تفسیر میں کیا۔
9 بہمن 1392 ہجری شمسی، مطابق 29 جنوری 2014ء کو مسجدِ اعظم قم میں درسِ تفسیر کے دوران ان سے منقول ہے:
میں نے کئی سال تک عظیم فلسفی مرحوم میرزا مہدی آشتیانی اور مرحوم میرزا ابوالقاسم الٰہی، جو خراسان کے فلسفی تھے، کے سامنے فلسفے کی تعلیم حاصل کی۔ میں ابتدا ہی سے اس علم کا عاشق تھا، لیکن کچھ عرصے کے بعد مجھے یہ احساس ہوا کہ جس حقیقت کی تلاش تھی، وہ صرف کتاب و سنت میں ہے۔
‘‘اس بیان میں ان کے فکری سفر کی پوری جہت پوشیدہ ہے۔ ایک ایسا شخص جو ابتدا میں فلسفے کا شیدائی تھا، اس کے اساتذہ بھی اپنے زمانے کے ممتاز فلسفی تھے، لیکن طویل مطالعے اور علمی تجربے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچا کہ اس کی مطلوبہ معرفت کا اصل سرچشمہ قرآن و سنت ہے۔ اس لیے ان کے موقف کو فلسفے سے محض ناواقفیت کی بنیاد پر نہیں سمجھا جا سکتا؛ یہ ان کے اپنے مطالعے اور علمی ترجیحات سے پیدا ہونے والا ایک نظریاتی انتخاب تھا۔
امام جعفر صادقؑ کے معارف پر زور اور فلسفیانہ مکاتب پر تنقید
فلسفے کے بارے میں ان کے موقف کا دوسرا اہم پہلو اہل بیتؑ کے علمی ورثے، بالخصوص امام جعفر صادق علیہ السلام کے معارف پر ان کا غیر معمولی اعتماد تھا۔ ان کے نزدیک اگر امت نے ائمہ اہل بیتؑ کے علمی مقام کو صحیح طور پر پہچانا ہوتا تو اسے معرفت کی تلاش میں دوسرے مکاتب کے سامنے اس قدر مرعوب ہوکر جانے کی ضرورت پیش نہ آتی چنانچہ بہت ہی صریح الفاظ میں فرماتے ہیں
’’کاش ہم پہچان لیتے کہ ہمارے چھٹے امام، امام جعفر صادق علیہ السلام کون ہیں! پھر ہم اِدھر اُدھر کے لوگوں کے پیچھے نہ بھٹکتے، یونانی فلسفیوں کی اُگلی ہوئی چیزوں کو دوبارہ نہ چباتے اور دوسرے فلسفیانہ و عرفانی مکاتب کے افکار کو اپنے اندر جذب نہ کرتے۔ ہم اسی وجہ سے درماندگی اور محرومی کا شکار ہوئے اور معرفت کے اس عظیم سمندر سے محروم رہ گئے۔‘‘
اس اقتباس میں استعمال ہونے والی زبان خاصی سخت اور تنقیدی ہے۔ اسے ان کے علمی مزاج کے اسی پہلو کے طور پر دیکھنا چاہیے جس میں وہ اہل بیتؑ کے معارف کے مقابلے میں دوسرے فکری نظاموں کی مرعوبانہ تقلید کو پسند نہیں کرتے تھے۔ ان کی تنقید کا بنیادی ہدف یہ تھا کہ کہیں امت اپنے پاس موجود عظیم علمی ورثے سے بے اعتنائی برت کر دوسروں کے فکری نظاموں کو ہی معرفت کا آخری معیار نہ سمجھ بیٹھے۔
یہاں ایک اہم علمی نکتہ بھی قابلِ توجہ ہے: اس بیان کو فلسفے کی ہر صورت، ہر فلسفی اور ہر عقلی کاوش کے خلاف ایک غیر مشروط حکم قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ اس کے لیے ان کے دیگر علمی بیانات اور ان کے فکری سیاق کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔
فلسفے اور عرفان پر ان کا اعتماد کیوں نہیں تھا؟
آیت اللہ وحید خراسانیؒ سے ایک اور عبارت بھی منقول ہے، جس میں وہ فلسفے اور عرفان کے مطالعے میں اپنی واقفیت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے علمی موقف کو واضح کرتے ہیں:
عرفان میرے پاس ہے۔ مولوی کی پوری مثنوی اور ان کے افکار کے بارے میں جاننا چاہتے ہو تو مجھ سے پوچھ لو، جس مقام کی وضاحت چاہو، میں کر سکتا ہوں۔ فلسفہ پڑھنا چاہتے ہو تو اسفار کے آغاز سے لے کر آخر تک، جہاں سے چاہو پوچھ لو؛ مفہومِ وجود سے لے کر طبیعیات کی آخری بحث تک سب کچھ تمہیں بتا سکتا ہوں، لیکن یہ سب بے حاصل ہے؛ جو کچھ ہے وہ قرآن اور روایات میں یہ سب بے بنیاد، بے و لاحاصل ہے۔‘‘ فارسی محاورہ کے مطابق "کشک" ہاں کے اس جملے کو ان کے اپنے مخصوص تنقیدی لہجے کے ساتھ سمجھنا چاہیے۔ اس سے یہ بات ضرور سامنے آتی ہے کہ وہ فلسفے اور عرفان کے وسیع مطالعے کے باوجود انہیں دینی معرفت کا فیصلہ کن سرچشمہ تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔
یہاں ان کے موقف کا اصل سوال محض یہ نہیں تھا کہ فلسفہ پڑھا جائے یا نہ پڑھا جائے، بلکہ یہ تھا کہ دینی معرفت کی تشکیل میں بنیادی مرجع کون ہو؟ کیا انسان قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات کو اصل معیار بنائے یا مختلف فلسفیانہ و عرفانی نظاموں کو اپنے فکری سفر کا مرکزی حوالہ قرار دے؟آیت اللہ العظمی وحید خراسانیؒ کا جواب بالکل واضح تھا: قرآن اور روایات۔
آیت اللہ العظمی وحید خراسانی رح کے موقف کی علمی تفہیم
فلسفہ و عرفان کے سلسلہ سےان کے بیانات کے اقتباسات کو یکجا سامنے کرکے دیکھا جائے تو ان کے فکری موقف کے چند بنیادی پہلو سامنے آتے ہیں:
1-ذاتی تجربہ : ذاتی مطالعے کی بنیاد پروہ فلسفے سے ناآشنا نہیں تھے؛ انہوں نے اس کے ممتاز اساتذہ سے تعلیم حاصل کی تھی اور اس کے بڑے متون کا مطالعہ کیا تھا۔
2 معرفت کے سرچشمے کا مسئلہ: ان کی اصل ترجیح یہ تھی کہ دینی اور الٰہی معرفت کے حصول میں قرآن کریم اور اہل بیتؑ کی روایات کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔
3 ائمہ اہل بیتؑ کے علمی مقام کا دفاع: آپ کے نزدیک امام جعفر صادق علیہ السلام اور دیگر ائمہؑ کے علمی ذخیرے کی گہرائی کو پہچاننا ضروری تھا، تاکہ مسلمان دوسروں کے فکری نظاموں سے غیر ضروری مرعوبیت کا شکار نہ ہوں۔
4 حوزوی ترجیحات کا تعین: آپ چاہتے تھے کہ دینی طالب علم کی علمی توانائی کا بڑا حصہ قرآن، حدیث، فقہ اور اصول جیسے بنیادی علوم کی تحصیل میں صرف ہو اور وہ اپنے اصل علمی ورثے سے غافل نہ ہو۔
البتہ ان کے اس موقف کو بیان کرتے ہوئے یہ فرق ملحوظ رہنا چاہیے کہ فلسفے کے بعض مباحث سے اختلاف، عقل و استدلال کی نفی کے مترادف نہیں ہے۔ فلسفہ، علمِ کلام، منطق اور عقلی استدلال الگ الگ علمی موضوعات ہیں؛ ان کے بارے میں کسی عالم کی رائے کو سمجھنے کے لیے اس کے اپنے علمی مبانی اور اصطلاحات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔
آیت اللہ العظمی وحید خراسانیؒ کے ان بیانات کا حاصل یہ ہے کہ ان کے نزدیک علم کی عظمت کا معیار محض فلسفیانہ اصطلاحات، پیچیدہ استدلال یا فکری نظاموں کی وسعت نہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان اسے کس سرچشمے سے حاصل کر رہا ہے اور وہ معرفت اسے خدا، قرآن اور اہل بیتؑ کے قریب لے جا رہی ہے یا نہیں۔ ان کی علمی زندگی میں یہ ترجیح محض ایک نظریاتی دعویٰ نہیں تھی بلکہ ان کے درس، تدریس اور حوزوی ترجیحات میں بھی نمایاں نظر آتی تھی۔
اہل بیت علیہم السلام سے والہانہ وابستگی
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو اہل بیت علیہم السلام سے ان کی گہری عقیدت اور وابستگی تھی۔ ان کے نزدیک تشیع محض ایک فقہی شناخت یا تاریخی مسلک نہیں، بلکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد الٰہی ہدایت کے تسلسل، امامت اور ولایت کا نام ہے۔
ان کی مجالس، خطابات اور دروس میں اہل بیتؑ کے فضائل، مقامات اور مصائب کا ذکر محض رسمی تذکرہ نہیں ہوتا تھا، بلکہ ان کے پورے فکری مزاج کی عکاسی کرتا تھا۔
ان کی نظر میں اہل بیتؑ کی محبت کا تقاضا صرف ان کے فضائل بیان کرنا نہیں، بلکہ ان کی تعلیمات، ان کے علمی ورثے اور ان کے دفاع میں استقامت اختیار کرنا بھی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ وہ ان معاملات میں غیر معمولی حساسیت رکھتے تھے جنہیں وہ اہل بیتؑ کے مقام و منزلت یا ان کی مظلومیت سے متعلق سمجھتے تھے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا: عقیدت، دفاع اور احیائے شعائر
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا ایک انتہائی قابل ذکر پہلو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ ان کی عقیدت اور ان کے مصائب کے بیان میں ان کی غیر معمولی حساسیت ہے۔
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کو سرکاری تعطیل قرار دینے کی تجویز اسی سلسلے کی ایک اہم مثال ہے۔ سنہ 1379 شمسی میں انہوں نے اس وقت کے ایرانی صدر سید محمد خاتمی سے ملاقات میں یہ مطالبہ پیش کیا۔ صدر کی حمایت کے بعد یہ تجویز حکومتی اور پارلیمانی مراحل سے گزری اور بالآخر ایران میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کا دن سرکاری تعطیل قرار پایا۔
یہ محض ایک تعطیل کے حصول کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ اس کے پیچھے ایک اہم تہذیبی اور مذہبی تصور کارفرما تھا: جس معاشرے میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور مظلومیت کا اعتراف کیا جاتا ہے، وہاں ان کی یاد کو اجتماعی زندگی میں بھی نمایاں مقام ملنا چاہیے۔
آپ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام میں عزاداری، مجالس اور ماتمی اجتماعات میں شرکت کو خصوصی اہمیت دیتے تھے۔ آپ کے نزدیک مظلومیتِ زہرا سلام اللہ علیہا کا بیان، تاریخ کے ایک واقعے کی یاد دہانی سے کہیں بڑھ کر، حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے۔
اس سلسلے میں آپ کی کوششوں کو ایک مذہبی رہنما کی حیثیت سے ان کی مستقل ترجیحات میں شمار کرنا چاہیے جہان تشیع میں شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو لیکر آج جو بیداری و رونق ہے وہ آیت اللہ العطمی وحید خراسانی ع آیت اللہ العظمی شیخ جواد تبریزی ع آیت اللہ العظمی شیخ صافی گلپائگانی کی مساعی جمیلہ کی بنیاد پر ہے البتہ ایران میں رہبر شہید انقلاب آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی جانب سے ان ایام میں حسینیہ امام خمینی رح میں تین روزہ مجالس عزا کے انعقاد کو بھی ترویج عزائم فاطمیہ میں فراموش نہیں کیا جا سکتا
حضرت ابوالفضل العباسؑ کے چہرے کی نمائش پر اعتراض مذہبی تقدس کا تحفظ
ایرانی سیریل مختارنامہ اور فلم رستاخیز میں حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام اور بعض دیگر مقدس شخصیات کے چہرے دکھانے کے مسئلے پر ان کا سخت موقف بھی اسی مذہبی حساسیت کا اظہار تھا۔
ان کا اعتراض محض فن یا سینما کی تکنیک پر نہیں تھا، بلکہ ان کے نزدیک بعض مقدس شخصیات کی تصویری نمائندگی میں ایسا خطرہ موجود تھا جس سے ان کی عظمت، روحانی وقار اور عوامی تصور متاثر ہو سکتا ہے۔
اس مسئلے پر اختلاف کی گنجائش اپنی جگہ موجود ہے۔ مذہبی شخصیات کی تاریخی و فلمی نمائندگی کے سلسلے میں اہل علم کے درمیان مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ تاہم وحید خراسانیؒ کا موقف اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ مذہبی فنون اور میڈیا کو محض تجارتی یا تفریحی زاویے سے نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ ان کے مذہبی، اخلاقی اور تہذیبی اثرات بھی پیش نظر رہنے چاہئیں۔
ان کے نزدیک مقدسات کی حرمت ایک ایسی سرحد تھی جسے عبور کرنے کے معاملے میں کسی قسم کی بے احتیاطی قابل قبول نہیں تھی۔
علامہ سید محمد حسین فضل اللہؒ سے اختلاف: ایک حساس علمی و اعتقادی محاذ
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا ایک ایسا پہلو بھی ہے جسے بیان کرتے ہوئے تاریخی دیانت اور علمی احتیاط دونوں ضروری ہیں۔ وہ لبنان کے معروف شیعہ عالم، مفکر اور مرجع آیت اللہ سید محمد حسین فضل اللہؒ کے بعض نظریات سے شدید اختلاف رکھتے تھے۔
علامہ فضل اللہؒ کا علمی مزاج نسبتاً سوال اٹھانے، تاریخی روایات کا ازسرنو جائزہ لینے اور بعض معروف مذہبی تعبیرات پر تنقیدی نظر ڈالنے کی طرف مائل تھا۔ بالخصوص تاریخِ شہادت فاطمی، بعض روایات کی اسنادی حیثیت اور واقعاتِ صدر اسلام کی تعبیر کے سلسلے میں ان کے بعض نظریات نے شیعہ علمی حلقوں میں وسیع بحث پیدا کی۔
اس کے برخلاف وحید خراسانیؒ کا مزاج روایتی مکتبِ اہل بیتؑ کے تاریخی و اعتقادی ذخیرے کے تحفظ اور اس کے دفاع میں زیادہ سخت گیر تھا۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب اور مظلومیت کے سلسلے میں وہ کسی ایسی تعبیر کو قبول کرنے کے لیے آمادہ نہیں تھے جسے وہ مستند روایات یا معروف اعتقادی موقف کے خلاف سمجھتے ہوں۔
یہاں ایک اہم بات قابل ذکر کہ دو بزرگ علماء کے درمیان علمی و اعتقادی اختلاف کو ذاتی دشمنی، تکفیر یا کسی ایک شخصیت کی مکمل علمی نفی میں تبدیل کرنا درست نہیں۔ علامہ فضل اللہؒ کے علمی مقام اور ان کی خدمات کا جائزہ بھی ان کے اپنے علمی کام، استدلال اور تحریروں کی روشنی میں ہونا چاہیے، ہوا ہوائی باتوں میں نہیں ۔
اسی طرح وحید خراسانیؒ کے اختلاف کو بھی ان کے مذہبی تشخص اور فکری ترجیحات کے تناظر میں سمجھنا چاہیے۔
یہ اختلاف دراصل شیعہ علمی دنیا کے اندر دو مختلف ترجیحات کی نمائندگی بھی کرتا ہے: ایک طرف تاریخی و روائی ذخیرے کی روایت پسندانہ حفاظت، دوسری طرف بعض تاریخی تعبیرات کا تنقیدی اور تجدیدی مطالعہ۔ ان دونوں کے درمیان مکالمہ علمی دنیا کی ضرورت ہے، بشرطیکہ اختلاف کو علمی دائرے میں رکھا جائے۔
قابل ذکر ہے علامہ فضل اللہ اور آیت اللہ العظمی شیخ وحید خراسانی کے اختلاف کو دور کرنے کے لئے بعض عرب کے بزرگ علماء نے رہبر شہید کی خدمت میں خط لکھ کر وساطت کرنے کی درخواست کی تھی جسکا تذکرہ آیت اللہ رفسنجانی رح نے اپنی ڈائری میں کیا ہے۔
فقہ و اصول کی تدریس: ایک نسل کی علمی تربیت
اگر آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا کوئی پہلو ان کی وفات کے بعد سب سے زیادہ دیرپا اثرات مرتب کرے گا تو وہ ان کی علمی تدریس اور تربیتِ شاگرداں ہے۔
انہوں نے نجف اشرف میں تقریباً بارہ سال فقہ و اصول کی تدریس کی۔ 1349 شمسی میں قم منتقل ہونے کے بعد بھی کئی دہائیوں تک درس خارج فقہ و اصول کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان کی تدریس 1397 شمسی میں علالت کے سبب رسمی طور پر رک گئی۔ ان کے دروس میں قم کے ممتاز فضلا، محققین اور آئندہ نسل کے اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوتی رہی ان کے تدریسی منہج کی چند خصوصیات خاص طور پر قابل ذکر ہیں:
اول: اقوال کا استقصاء۔ وہ کسی فقہی یا اصولی مسئلے کو محض ایک یا دو اقوال کی بنیاد پر طے نہیں کرتے تھے، بلکہ قدیم و جدید فقہا کے نظریات کو سامنے رکھتے، ان کے دلائل کا جائزہ لیتے اور ان کے علمی پس منظر کو واضح کرتے تھے۔
دوم: اصولی استدلال کی تربیت۔ ان کا مقصد صرف شاگردوں کو علمی معلومات فراہم کرنا نہیں تھا، بلکہ انہیں استنباط اور اجتہاد کا طریقہ سکھانا تھا۔ ان کے ایک سابق شاگرد سید مہدی علی زادہ موسوی کے مطابق، ان کے درس میں ایک نشست کے مباحث کو سمجھنے اور تمام متعلقہ اقوال و مصادر تک پہنچنے کے لیے بعض اوقات کئی سال کی تحقیق درکار ہوتی تھی۔ ان کے نزدیک استاد کا کام صرف نتائج بتانا نہیں، بلکہ طالب علم میں تحقیق اور اجتہاد کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔
سوم: علمی استحکام۔ ان کے درس میں فقہ، اصول، رجال اور روایات کے باہمی تعلق کو اہمیت حاصل تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے شاگردوں میں ایسے افراد بھی سامنے آئے جو بعد میں خود درس خارج کے اساتذہ اور حوزوی محققین بنے۔
ان کی تصانیف میں حاشیہ بر عروۃ الوثقیٰ، حاشیہ بر مکاسب محرّمہ، حاشیہ بر کفایہ اور شرح شرائع الاسلام جیسے علمی کام قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ اصول دین، امامت اور مناسک حج کے موضوعات پر بھی ان کے علمی آثار موجود ہیں۔
اس اعتبار سے ان کی علمی خدمات کو صرف ان کے شخصی مقام تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے تربیت یافتہ شاگردوں اور ان کے ذریعے منتقل ہونے والے منہجِ تحقیق میں ان کی علمی میراث آئندہ بھی زندہ رہے گی۔
ولایت فقیہ، سیاسی موقف اور حوزہ علمیہ کی خودمختاری
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے سیاسی و اجتماعی نظریات کے بارے میں ایک متوازن مطالعہ ضروری ہے۔ بعض حلقے انہیں مکمل طور پر سیاسی نظام کی حمایت کرنے والی شخصیت کے طور پر پیش کرتے ہیں، جب کہ بعض دوسرے حلقے انہیں ایران کے اسلامی نظام سے مکمل طور پر لاتعلق یا مخالف قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ دونوں تعبیرات ان کی شخصیت کی مکمل ترجمانی نہیں کرتیں۔
ان سے منسوب فقہی موقف کے مطابق، عصر غیبت میں جامع الشرائط فقیہ کی شرعی حیثیت، افتاء، امور حسبیہ اور وجوہات شرعیہ جیسے معاملات میں ان کی مرجعیت و ولایت کو تسلیم کیا جاتا ہے آپ امام خمینی رضوان اللہ کے نظریہ ولایت مطلقہ سے اختلاف رکھتے تھےلیکن اسلامی نظام کے تحفظ اور اسے کمزور کرنے والے اقدامات سے اجتناب کے بارے میں بھی ان کی طرف واضح ہدایات موجود ہیں
یہاں پر ایک علمی فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے:
جامع الشرائط فقیہ کی شرعی مرجعیت؛
ولایت فقیہ کا فقہی و کلامی دائرہ؛
سیاسی نظام کی عملی تائید؛
نظام کی قیادت یا حکومت کے ہر اقدام کی غیر مشروط تائید۔
یہ چاروں چیزیں لازماً ایک دوسرے کے مترادف نہیں ہیں۔
ان کی شخصیت کا ایک اہم پہلو حوزہ علمیہ کی استقلال پسندی تھا۔ ان کے نزدیک حوزہ علمیہ کو کسی فرد، سیاسی گروہ یا حکومتی شخصیت کی تابع داری میں اپنی علمی آزادی قربان نہیں کرنی چاہیے۔ حوزہ کا بنیادی منصب دین کی تعلیم، تحقیق، فقہی رہنمائی اور معاشرے کی دینی و اخلاقی اصلاح ہے۔
اس تناظر میں ان کے سیاسی موقف کو سمجھنے کے لیے یہ بھی پیش نظر رہنا چاہیے کہ انہوں نے بعض مواقع پر حکومتی پالیسیوں اور سیاسی شخصیات پر سخت تنقید کی، حتیٰ کہ 1389 شمسی میں رہبر شہید رضوان اللہ کے قم کے دورے کے دوران ان سے ملاقات بھی نہیں کی۔ اس لیے ان کے تمام سیاسی رجحانات کو غیر مشروط سیاسی حمایت کے ایک ہی خانے میں رکھنا تاریخی اعتبار سے درست نہیں ہوگا یہ اور بات ہے کہ رہبر شہید انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای رح نے ہمیشہ انکے سر آنکھوں پر بٹھایا اور ان سے ملاقات کو باعث شرف جانا ان کے فکری مزاج سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ مذہبی مرجعیت کا استقلال، دینی نظام کا تحفظ اور سیاسی معاملات میں تنقیدی حق ایک دوسرے کی ضد نہیں ہونے چاہئیں۔
شیعہ و سنی تعلقات:
بظاہر وہ ایران میں بڑھتی سنی آبادی کے تناسب کو لیکر ہمیشہ حساس رہتے تھے لیکن ان سے منسوب ایک اہم موقف یہ بھی ہے کہ شیعوں پر لازم ہے کہ وہ اہل سنت کو کفار کے حملوں سے بچانے اور ان کا دفاع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ تصور بہت اہم ہے، کیونکہ اس میں مسلکی اختلاف کے باوجود مشترکہ اسلامی اور انسانی ذمہ داری کو تسلیم کیا گیا ہے۔
شیعہ و سنی اختلافات اپنی علمی و تاریخی جگہ رکھتے ہیں، لیکن ان اختلافات کو مسلمانوں کے درمیان دشمنی، تشدد اور بیرونی طاقتوں کے لیے مداخلت کا راستہ نہیں بننا چاہیے یہ انکی فکر کا اہم پہلو تھا
یہی وہ تصور ہے جسے آج کے مسلم معاشرے میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
شخصیتوں کے نام پر پناہ گاہیں ایک قابل توجہ علمی و اخلاقی مسئلہ
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کے حوالے سے ایک ایسا مسئلہ بھی توجہ طلب ہے جو صرف ان تک محدود نہیں، بلکہ ہمارے مذہبی معاشرے کا ایک عمومی المیہ بن چکا ہے۔
بعض افراد اپنی مخصوص فکری، سیاسی یا مذہبی سرگرمیوں کے لیے کسی بڑے عالم اور مرجع کی شخصیت کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ وہ کبھی اپنی باتوں کو ان کی طرف منسوب کرتے ہیں، کبھی ان کی خاموشی کو اپنی تائید قرار دیتے ہیں اور کبھی اپنے مخصوص طرزِ عمل کو ان کے نام سے جوڑ کر خود کو تنقید سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس صورت حال کی دو شکلیں خاص طور پر قابل توجہ ہیں۔
پہلی شکل: نسبت سازی۔
بعض افراد کسی مرجع کی طرف ایسی باتیں منسوب کرتے ہیں جن کا کوئی مستند حوالہ موجود نہیں ہوتا۔ کبھی ایک غیر مصدقہ مجلس کا بیان، کبھی کسی نامعلوم شخص کی نقل اور کبھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تحریر کو مرجع کی قطعی رائے بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔
دوسری شکل: شخصی تقدس سے ذاتی مفادات کا تحفظ۔
کچھ افراد کسی بزرگ عالم کی عقیدت کو اپنے لیے ایک ایسی پناہ گاہ بنا لیتے ہیں جہاں ان کے اپنے اعمال، نظریات اور رویوں پر سوال اٹھانا گویا اس بزرگ شخصیت کی مخالفت قرار پانے لگتا ہے۔ اس طرح ایک علمی و روحانی شخصیت کو اپنی غیر علمی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
آیت اللہ وحید خراسانیؒ نے خود بھی اپنی طرف منسوب غیر مستند اجازات کے بارے میں وضاحت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی کو زبانی اجازت اجتہاد نہیں دی اور نہ ہی کسی کو رسالہ عملیہ کی طباعت کی اجازت دی ہے۔ اگر کوئی تحریری اجازت کا دعویٰ کرتا ہے تو اس کے لیے ان کی اپنی تحریر اور دستخط کا موجود ہونا ضروری ہے۔
یہ وضاحت محض ایک انتظامی معاملہ نہیں، بلکہ اس میں علمی امانت اور شخصیتوں کی طرف نسبت کے اصول کی اہمیت بھی پوشیدہ ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: کیا کسی عالم سے عقیدت رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کے نام پر ہر قسم کا طرزِ عمل اختیار کرنے کی اجازت مل جاتی ہے؟
یقیناً نہیں!
کسی مرجع کی پیروی کا مطلب اس کے فقہی فتاویٰ کی روشنی میں شرعی زندگی گزارنا ہے، نہ کہ اس کی شخصیت کو اپنی ذاتی پسند، گروہی تعصب، غیر ذمہ دارانہ رویوں یا دوسروں کی تحقیر کا جواز بنا لینا۔
کسی بزرگ عالم کے نام سے اپنی بات کو تقویت دینے سے پہلے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کیا اس بات کی کوئی مستند تحریری یا صوتی شہادت موجود ہے؟ کیا اس عالم کے دفتر نے اس کی تصدیق کی ہے؟ کیا اس کی نسبت خود ان کے ثابت شدہ علمی منہج سے مطابقت رکھتی ہے؟
آیت اللہ العظمی شیخ وحید خراسانیؒ سے عقیدت کا تقاضا یہ نہیں کہ ان کے نام پر ہر شخص کو تقدس کا لبادہ پہننے دیا جائے، بلکہ تقاضا یہ ہے کہ ان کی علمی امانت، فقہی احتیاط اور تحقیقی منہج کو اختیار کیا جائے۔
ایک عالم کی میراث: شخصیت پرستی نہیں، علمی منہج کی حفاظت
آیت اللہ العظمی شیخ وحید خراسانیؒ کی وفات کے بعد ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوگی۔ ان کے نظریات سے اتفاق و اختلاف بھی ہوگا، ان کے علمی منہج پر تحقیق بھی ہوگی اور ان کے شاگرد ان کے علمی ورثے کو آگے بڑھانے کی کوشش بھی کریں گے۔ لیکن کسی بھی بزرگ عالم کی میراث کو محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ یہ نہیں کہ اس کی ہر رائے کو تنقید سے بالاتر قرار دے دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ اس کے علمی کام کو سمجھا جائے، اس کے دلائل کا مطالعہ کیا جائے اور اس کے منہج سے استفادہ کیا جائے۔ آیت اللہ شیخ وحید خراسانیؒ رخصت ہو گئے لیکن اپنا علمی ورثہ چھوڑ گئے ان کی زندگی سے کم از کم تین اہم اسباق حاصل کیے جا سکتے ہیں:
علمی استقلال: طالب علم کو اپنی علمی شخصیت کسی سیاسی، گروہی یا شخصی وابستگی کے حوالے نہیں کرنی چاہیے۔
تحقیق و اجتہاد: علم صرف معلومات جمع کرنے کا نام نہیں، بلکہ دلائل کو سمجھنے، پرکھنے اور نتائج اخذ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کا نام ہے۔
ولایت و محبت اہل بیتؑ: اہل بیت علیہم السلام سے محبت محض جذباتی وابستگی نہیں، بلکہ ان کے علمی و اخلاقی ورثے کی حفاظت اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد ہے۔
ان کے فلسفے سے اختلاف کے باوجود ان کی علمی زندگی کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے علامہ فضل اللہؒ سے اختلاف کے باوجود دونوں شخصیات کے علمی مقام اور ان کے استدلال کا منصفانہ جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ان کے سیاسی رجحانات سے اتفاق یا اختلاف کے باوجود ان کی حوزوی خدمات اور علمی استقلال کی اہمیت تسلیم کی جا سکتی ہے۔ یہی علمی وسعت ہے اور یہی وہ طرزِ فکر ہے جس کی ہمارے مذہبی معاشرے کو ضرورت ہے۔
محبتِ اہل بیتؑ، علم کی امانت اور اختلاف کا احترام
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر ایک تاریخی عہد تمام ہو گیا آپ نے سات دہائیوں سے زائد عرصہ تعلیم، تحقیق، تدریس اور معارف اہل بیتؑ کی ترویج میں صرف کیا۔ ان کے دروس سے تربیت پانے والے علما، ان کے فقہی و اصولی آثار اور ان کی مذہبی و اعتقادی خدمات ان کی علمی زندگی کے ایسے نقوش ہیں جو مدتوں باقی رہیں گے۔
ان کی شخصیت کا احترام اسی وقت حقیقی ہوگا جب ہم ان کے نام کو اپنی ذاتی ترجیحات کے لیے استعمال کرنے کے بجائے ان کے علمی منہج، تحقیقی دیانت اور اہل بیت علیہم السلام سے ان کی وابستگی سے سبق حاصل کریں۔
ایک عالم کی عظمت کا تقاضا یہ نہیں کہ اس کے نام پر سوال اٹھانے والے ہر شخص کو خاموش کر دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ اس کے علمی افکار کو دلیل کے ساتھ سمجھا جائے اور اختلاف کو بھی علمی تہذیب کے دائرے میں رکھا جائے۔
بزرگ علما کی میراث ان کے نام کے نعرے لگانے سے محفوظ نہیں ہوتی، بلکہ ان کے علم، تقویٰ، تحقیق اور علمی امانت کو زندہ رکھنے سے محفوظ ہوتی ہے۔ رب کریم آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، حوزہ ہائے علمیہ کو ان کا نعم البدل عطا کرے اور ہمیں محبتِ اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ علمی دیانت، فکری استقلال اور حق گوئی کی توفیق عطا فرمائے۔










آپ کا تبصرہ