حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاطمیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کشمیر ہندوستان کے مدیر حجت الاسلام مولانا ارشد حسین آرمو نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، اساتذہ و طلابِ علومِ دینیہ، مرحوم کے شاگردوں، اہلِ خانہ، مقلدین اور تمام محبین و عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا ارتحال محض ایک عالمِ دین کی رحلت نہیں، بلکہ فقاہت و اجتہاد کے ایک تابندہ عہد، تحقیق و تدقیق کے ایک بلند علمی منہج اور علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی اشاعت و ترویج کے ایک عظیم علمی و روحانی مرکز کے ظاہری فراق کا اعلان ہے۔ بعض شخصیات اپنی زندگی میں محض ایک فرد، استاد یا مرجع نہیں ہوتیں، بلکہ اپنے زمانے کی علمی تاریخ کا عنوان، اپنے عہد کی فکری شناخت اور آنے والی نسلوں کے لیے علم و عمل کا چراغ ہوتی ہیں۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ بھی انہی نادر شخصیات میں سے تھے، جن کی علمی، تدریسی، تحقیقی اور تبلیغی خدمات حوزاتِ علمیہ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا بنیادی امتیاز ان کا بلند علمی مقام، فقہی بصیرت، اصولی استحکام اور علومِ اہلِ بیت علیہم السلام سے غیر معمولی وابستگی تھی۔ انہوں نے اپنی طویل علمی زندگی تحصیل، تحقیق، تدریس، تربیتِ شاگردان اور دفاعِ حریمِ تشیع کے لیے وقف رکھی۔ فقہ و اصول جیسے دقیق اور عمیق علوم میں ان کی علمی کاوشیں، استدلالی قوت، باریک بینی اور علمی استقلال حوزاتِ علمیہ کے لیے ایک گراں قدر سرمایہ ہیں۔ ان کی علمی زندگی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ مکتبِ اہلِ بیتؑ میں فقاہت محض احکام کے استنباط کا نام نہیں، بلکہ نصوصِ دینیہ کی گہری معرفت، عقل و نقل کے درمیان علمی توازن، تقویٰ، احتیاط اور ذمہ داری کا ایک جامع نظام ہے۔ ان کی تدریسی خدمات کے نتیجے میں ایسے اہلِ علم کی تربیت ہوئی جو علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے فروغ اور دینی معارف کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مولانا ارشد حسین آرمو نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو اہلِ بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے والہانہ عقیدت، ان کے فضائل و مناقب کی ترویج اور حریمِ ولایت کے دفاع سے عبارت تھا۔ ان کے نزدیک معرفتِ اہلِ بیتؑ محض ایک جذباتی وابستگی نہیں، بلکہ ایمان، ہدایت، معرفتِ دین اور نجاتِ انسانیت کا بنیادی سرچشمہ تھی۔ بالخصوص حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت، مظلومیت اور عزائے فاطمیہ کے احیاء سے ان کی خصوصی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام بھی عزائے صدیقۂ کبریٰ سلام اللہ علیہا اور شعائرِ اہلِ بیتؑ کی خدمت میں گزارے، جو ان کی محبتِ زہرا سلام اللہ علیہا اور پاسداریِ شعائرِ اہلِ بیتؑ کا روشن مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے دینی شعائر کے تحفظ، بالخصوص مجالسِ عزائے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احیاء پر خصوصی توجہ فرمائی۔ اسی طرح حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے وابستہ دینی ذمہ داریوں، یتیموں کی کفالت، اہلِ علم کی تربیت اور دینی تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں ان کی خدمات ایک قابلِ قدر علمی و انسانی میراث ہیں۔ ان کا فراق ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ بزرگ علماء کی حقیقی یادگار صرف ان کے علمی آثار نہیں، بلکہ وہ ادارے، شاگرد، دینی شعائر اور تربیت یافتہ نسلیں بھی ہیں جو ان کے علمی و دینی مشن کو آگے بڑھاتی ہیں۔
انہوں نے حوزاتِ علمیہ کے لیے اس عظیم فقیہ کی رحلت کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی عظیم فقیہ کی رحلت کے بعد اس کے علمی افکار، فقہی مباحث، تحقیقی منہج اور تربیت یافتہ شاگردوں کی صورت میں اس کا فیض باقی رہتا ہے، لیکن اس کی ذاتِ گرامی، مجلسِ درس، علمی رہنمائی اور وجود سے وابستہ روحانی اطمینان کا کوئی بدل نہیں ہوتا۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت سے حوزاتِ علمیہ، بالخصوص نجف اشرف، قم المقدسہ اور دنیا بھر میں علومِ اہلِ بیتؑ سے وابستہ علمی حلقوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جس کا احساس آنے والی نسلیں بھی کرتی رہیں گی۔ ایسے موقع پر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے علمی ورثے کی حفاظت کریں، ان کے تربیتی منہج سے استفادہ کریں، دینی مدارس و مراکز کو مضبوط بنائیں اور نئی نسل کو علومِ قرآن و اہلِ بیت علیہم السلام سے آراستہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ فاطمیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کشمیر ہندوستان کے تمام اراکین، اساتذہ، طلبہ، متعلقین اور وابستگان کی جانب سے اس عظیم سانحے پر حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، اساتذہ و طلابِ علومِ دینیہ، مرحوم کے شاگردوں، اہلِ خانہ، مقلدین اور تمام محبین و عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں اور اس عظیم فقیہ کے علمی و روحانی فیوض سے مستفید ہونے والے تمام اہلِ علم اور عقیدت مندوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم شخصیت کی رحلت کا اہم پیغام یہ ہے کہ علم کو عبادت، فقاہت کو ذمہ داری، مرجعیت کو خدمت، ولایت کو محورِ ہدایت اور تعلیم و تربیت کو معاشرے کی تعمیر کا ذریعہ بنایا جائے۔ فاطمیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ، جو دینی و عصری تعلیم کے فروغ اور نسلِ نو کی علمی و اخلاقی تربیت کے لیے سرگرمِ عمل ہے، اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ علمِ آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج، دینی تعلیم کے فروغ اور شعائرِ اہلِ بیتؑ کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھنا ہی ان عظیم علماء کی علمی میراث سے وفاداری کا اہم تقاضا ہے۔










آپ کا تبصرہ