حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ مرجع عالیقدر ،فقیہ اہلبیت ،آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسی کے سانحۂ ارتحال پر مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جواد نقوی نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے خدمات کو ناقابل فراموش قراردیا۔ مولانانے اپنے پیغام میں رہبر معظم انقلاب اسلامی ،حوزات علمیہ ،عالم اسلام ،ان کے شاگردوں اور پسماندگان کی خدمت مین تعزیت پیش کی ۔
مولانانے کہاکہ فقیہ بے عدیل، عالم ربانی و بصیر، استاذ حوزۂ علمیہ قم، معلمِ مکتبِ اہل بیتؑ اور ناشرِ معارفِ محمدؐ و آلِ محمدؑ، آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی قدس سرہ ک جانکاہ رحلت کی خبر نے عالم اسلام، بالخصوص علمی و دینی حلقوں کو سوگوار اور قلوب کو مغموم کردیا ہے۔ آپ کی رحلت امتِ مسلمہ اور حوزاتِ علمیہ کے لیے ایک ایسا عظیم علمی و معنوی خسارہ ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔
مولانا نے مزید کہاکہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی پوری عمر فقہ و اصول کی تحقیق و تدریس، معارف اسلامی کی ترویج و پاسداری، علمائے کرام کی تربیت اور ملت کی فکری و علمی آبیاری میں صرف کی۔ آپ کا تبحرِ علمی، ژرف نگاہی، تقویٰ، وسعتِ نظر اور علمی و فقہی بصیرت اہل علم کے نزدیک ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھی جاتی رہی۔ بالخصوص حوزاتِ علمیہ میں آپ کی گراں قدر تدریسی و تحقیقی خدمات اورنابغہ ٔروزگار تلامذہ کا فیضان طویل عرصے تک علمی دنیا کو مستفیض کرتا رہے گا۔مولانانے کہاکہ آیۃ اللہ وحید خراسانی قدس سرہ کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔










آپ کا تبصرہ