منگل 17 نومبر 2026 - 14:17
آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر مولانا سید صفی حیدر کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ حجۃ الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی، سیکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت کو عالمِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم علمی خسارہ قرار دیتے ہوئے ان کی گراں قدر علمی و فقہی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی سیکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی علمی، فقہی اور حوزوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی رحلت کو عالمِ تشیع، بالخصوص حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم علمی خسارہ قرار دیا ہے۔ ان کا مکمل تعزیتی پیغام درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

اذا مات العالم ثلم فی الاسلام ثلمۃ لا یسدھا شیئی

غم انگیز خبر موصول ہوئی کہ عالم فقہ و فقاہت کا درخشاں ستارہ ، ماہر اصول فقہ آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی ؒرحلت فرما گئے ۔ آیت اللہ العظمیٰ وحیدخراسانی ۱۹۲۱؁ میں ایران کے شہر نیشا پور میں پیدا ہوئے ۔آپ نے اپنی تعلیم کا آغاز مشہد مقدس سے کیا ۔حوزۂ علمیہ نجف کے مراجع سے وا قفیت ا ور کسب فیض کی غرض سے آپ نے ۲۷ سال کی عمر میں نجف اشرف کا رخ کیا جبکہ آپ خود اس وقت درجۂ اجتہاد پر فائز ہو چکے تھے۔ آپ کو فقہ اور اصول کے علاوہ فلسفہ، منطق ،تفسیر اور علم کلام کا ماہر استاد بھی مانا جاتا تھا حوزۂ علمیہ قم کے علمی حلقوں میں علم اصول فقہ کے اساتذہ میں آپ کو یکتا شمار کیا جاتا تھا ۔

آپ نےعالم تشیع کے عظیم علماء اور حوزوی دنیا کی نامور ہستیوں سے کسب فیض کیا ،جن میں سے کچھ معروف ترین نام یہ ہیں۔آقائے میرزا محمد حسین نائینی ، آقائے سید ابوالحسن اصفہانی ، آقائے سید محسن الحکیم، آقائے سید ابو القاسم الخوئی، آقائے عبد الہادی شیرازی ، آقائے محمد ہادی میلانی ، رحمت اللہ علیہم اجمعین ۔

آپ کو آیت اللہ العظمیٰ سید ابو لقاسم الخوئی ؒ کی خاص توجہ حاصل تھی اور آیت اللہ خوئی کے شورائے فقہ کا عضو ہو نے کا بھی اعزاز حاصل تھا ۔یکتائے روزگار استاتذہ سے کسب فیض کرنے والے اس عظیم المرتبت فقیہ کے ہزاروں شاگرد آج پوری دنیامیں علوم محمد و آل محمد ؑ کی تبلیغ میں مصروف ہیں۔

آپ کو احیاء گر عزائے فاطمیہ کے عنوان سے ایک خاص مقام بھی حاصل ہے۔ آپ کی رحلت عالم تشیع بالخصوص حوزات علمیہ کا عظیم خسارہ ہے ۔

ہم اس غم ناک سانحہ پرعلو درجات کی دعا کے ساتھ حضرت ولی عصر عجل اللہ فرجہ الشریف،خانوادۂ معظم لہ ، علمائے اعلام اور مومنین کرام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

والسلام

شریک غم

سید صفی حیدر

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha