حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ تنظیم المکاتب لکھنؤ کے سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
اذا مات العالم ثلم فی الاسلام ثلمۃ کا یسدھا شئی
مرجعِ عالی قدر، فقیہِ اہلِ بیتؑ، عالمِ ربانی، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ کی رحلتِ جانگداز کی خبر سے عالمِ تشیع بالخصوص حوزاتِ علمیہ اور اربابِ علم و فضل سوگوار ہیں۔
ان کی زندگی علم و فقاہت، تحقیق و تدریس، ترویجِ معارفِ اسلام و مکتبِ اہلِ بیتؑ اور تربیتِ طلابِ علومِ دینی میں گزری۔ آپ نے فقہ، اصول، حدیث اور علمِ رجال کے میدان میں گراں قدر علمی خدمات انجام دیں اور کئی دہائیوں تک حوزۂ علمیہ قم کے علمی حلقوں کو اپنے فیض سے مستفیض فرمایا۔
آپ کے اساتذہ میں آیۃ اللہ العظمی آقاۓ سید حسین بروجردی آیۃ اللہ العظمی اآقائے سید محسن الحکیم ،،آیۃ اللہ العظمیٰ آقائے سید ابو القاسم الخوئی ، آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ عبد الکریم حائری رضوان اللہ علیہم اجمعین جیسی عالم فقہ و فقاہت کی مایہ ناز ہستیوں کا نام سر فہرست ہے۔
اس عظیم علمی شخصیت اور مرجعِ جلیل القدر کا سانحۂ ارتحال عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے۔
ہم اس عظیم سانحہ پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ کرام، علمائے اعلام، حوزاتِ علمیہ، تمام پسماندگان اور سوگواران کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔
رب کریم آیۃ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کو جوارِ ائمۂ معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور پسماندگان و متعلقین کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔
والسلام! سید صفی حیدر (سکریٹری تنظیم المکاتب)










آپ کا تبصرہ