حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام مولانا سید اشرف علی الغروی کے تعزیتی پیغام کا متن کچھ یوں ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و الم کے ساتھ، اور اللہ تعالیٰ کی قضا و قدر کے سامنے تسلیم و رضا کا اظہار کرتے ہوئے، مرجعِ دینی کبیر، فقیہِ اہلِ بیت علیہم السلام آیۃ اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیرى زنجانی قدس سرہ کے رحلت فرمانے کی المناک خبر موصول ہوئی۔
آپ جلیل القدر عالمِ ربانی، بلند پایہ فقیہ، محقق اور مربیِ اہلِ علم تھے۔ آپ نے اپنی بابرکت زندگی علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج و اشاعت، فقہ و شریعت کی خدمت، حوزاتِ علمیہ کی علمی و معنوی بالیدگی، علماء و فضلاء کی تربیت اور مؤمنین کی دینی رہنمائی میں صرف فرمائی۔ فقہ و اصول میں آپ کی علمی کاوشیں اور درس و تدریس کی خدمات حوزۂ علمیہ کے علمی ورثے کا ایک گراں قدر حصہ ہیں۔
آپ کی رحلت صرف بیت معظم لہ، تلامذہ اور محبین کے لئے ہی نہیں، بلکہ حوزاتِ علمیہ اور عالمِ تشیع کے لئے بھی ایک عظیم علمی فقدان ہے۔ آپ نے علم کو تحقیق و تدقیق، تدریس کو تربیت، اور فقاہت کو دینی رہنمائی سے مربوط رکھا۔ آپ کی علمی زندگی آنے والی نسلوں کے لئے درسِ علم، تقویٰ اور خدمتِ دین کا ایک روشن نمونہ رہے گی۔
اس جانکاہ سانحہ پر ہم حضرت ولی عصر، امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، بیت معظم لہ، تلامذہ و شاگردان، متعلقین و محبین اور پوری امتِ مسلمہ کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
بارگاہِ رب العزت میں دست بہ دعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت و مغفرت سے نوازے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آلِ طاہرین علیہم السلام کے جوارِ رحمت میں مقام عطا کرے، ان کے درجات کو علیین میں بلند فرمائے اور ان کے علم، عمل، تقویٰ اور خدمتِ دین کو ان کے لئے ذخیرۂ آخرت قرار دے۔
خداوندِ عالم خانوادہ محترم، تلامذہ، متعلقین اور تمام محبین کو صبرِ جمیل، اجرِ عظیم اور ثوابِ جزیل عطا فرمائے، اور حوزاتِ علمیہ و امتِ مسلمہ کو اس عظیم علمی فقدان پر صبر و استقامت عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ اس عالمِ ربانی پر اپنی بے پایاں رحمت نازل فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے۔










آپ کا تبصرہ