حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی (رہ) کے انتقال پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عالمِ ربانی، فقیہِ اہلِ بیتؑ، محدث و برجستہ علمِ رجال کے ماہر، حوزۂ علمیہ قم المقدس کی ممتاز علمی شخصیت اور عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ کے جانکاہ انتقال کی خبر سے گہرا رنج و صدمہ پہنچا ہے۔
یہ فقیدِ سعید حوزۂ علمیہ قم کے علمی ستونوں اور عصرِ حاضر کی نمایاں فقہی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے اپنی بابرکت زندگی تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، شاگردوں کی تربیت اور اہلِ بیتؑ کے علمی ورثے کی پاسبانی میں بسر کی۔ فقہ و اصول کے مباحث میں گہری بصیرت، علمِ رجال و حدیث میں مہارت، تحقیق و تتبع سے غیر معمولی شغف اور فضلا و محققین کی ایک نسل کی تربیت ان کی علمی حیات کے نمایاں اور درخشاں پہلو تھے۔
بلاشبہ ایسے وارستہ اور جلیل القدر عالمِ دین کا اٹھ جانا محض ایک علمی شخصیت کا فقدان نہیں بلکہ حوزات علمیہ اور تشیع کے علمی و دینی معاشرے کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ اس فقیدِ سعید کی علمی تصانیف، ان کے تربیت یافتہ ممتاز شاگرد اور ان کا گراں قدر علمی ورثہ، معارفِ اہلِ بیتؑ میں فقاہت و تحقیق کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے ایک روشن چراغ کی حیثیت رکھیں گے۔
میں اس عظیم سانحہ پر حضرت ولی عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، ولی امرِ مسلمین، مراجعِ عظامِ تقلید، حوزاتِ علمیہ، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں بالخصوص اس بزرگ فقیہ کے معزز خاندان اور فرزندانِ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔
بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعا ہے کہ وہ اس فقیدِ سعید کو بلند درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل سے نوازے۔
سید ساجد علی نقوی
22 ستمبر 2026ء









آپ کا تبصرہ