حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی کے سانحۂ ارتحال پر امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امام زمانہ علیہ السّلام اور مجتہدین کرام کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔
تعزیت نامہ
بسم الله الرحمٰن الرحیم
إنا لله وإنا إليه راجعون
الَّذِينَ تَتَوَفَّاهُمُ الْمَلَائِكَةُ طَيِّبِينَ ۙ يَقُولُونَ سَلَامٌ عَلَيْكُمْ ادْخُلُوا الْجَنَّةَ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُونَ.
نہایت رنج و الم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ فقیہِ اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام، مرجعِ عالی قدر جہاں تشیع، حضرت آیت الله العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی قدس سرہٗ اس دارِ فانی سے رختِ سفر باندھ کر جوارِ رحمتِ الٰہی میں تشریف لے گئے۔
مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی قدس سرہٗ کی بابرکت زندگی علم و فقاہت، تحقیق و گہری نگاہ، اخلاص و تقویٰ اور خدمتِ مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے عبارت تھی۔ آپ نے اپنی طویل علمی زندگی میں فقہِ جعفری کی اصالت و گہرائی کے تحفظ، معارفِ اسلام و تشیع کی ترویج اور حوزہ ہائے علمیہ کی علمی میراث کے استحکام کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ آپ کی شخصیت علمی متانت، دقتِ نظر، احتیاط، تواضع اور اخلاص کا ایک نمایاں نمونہ تھی، اور عالمِ تشیع آپ کی علمی و معنوی خدمات کو دیر تک یاد رکھے گا۔
اس عظیم علمی و روحانی شخصیت کی رحلت یقیناً حوزات علمیہ، عالمِ تشیع اور تمام محبانِ اہل بیت علیہم السلام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔
میں اس سانحۂ ارتحال پر بارگاہِ مقدس حضرت ولی عصر عجل الله تعالی فرجه الشریف، مراجع عظام و علمائے کرام، حوزات علمیہ، مرحوم کے شاگردان و ارادتمندانِ آن مرجع عالی قدر، بالخصوص خاندانِ مکرم و سوگوارانِ محترم اور تمام مؤمنین و محبانِ اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں صمیمِ قلب سے تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں۔
خداوند متعال بحق محمد و آل محمد علیہم السلام، آن مرجعِ عالی قدر کو جوارِ ائمہ معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبول بخشے، اور تمام پسماندگان، شاگردان و ارادتمندان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔









آپ کا تبصرہ