حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ و جماعت بھاونگر، گجرات ہندوستان، حجۃ الاسلام و المسلمین سید تحقیق حسین رضوی نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ کے ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی، فقہی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و الم کے ساتھ عالمِ تشیع کے عظیم فقیہ، جلیل القدر مرجعِ تقلید، استادِ برجستۂ حوزۂ علمیہ قم، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی قدس سرہٗ کے ارتحال کی خبر موصول ہوئی۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ نے اپنی بابرکت زندگی کا تقریباً ایک صدی پر محیط سفر علم و فقاہت، تحقیق و تدریس، تربیتِ طلاب، نشر معارفِ اہل بیت علیہم السلام اور خدمتِ دین میں بسر کیا۔
آپ فقہ و اصول کے گہرے محقق، صاحبِ نظر فقیہ، استادِ برجستہ اور مرجعِ تقلید کی حیثیت سے عالمِ تشیع میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ آپ کی علمی گہرائی کے ساتھ تقویٰ، زہد، تواضع، اخلاق اور سادگی بھی آپ کی شخصیت کے نمایاں اوصاف تھے۔
آپ کی رحلت صرف ایک بزرگ فقیہ اور مرجعِ تقلید کا فقدان نہیں بلکہ عالمِ اسلام، حوزاتِ علمیہ اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ کی علمی خدمات، فقہی تحقیقات، شاگردوں کی تربیت اور تقریباً ایک صدی پر محیط دینی جدوجہد مدتوں اہلِ علم کے لیے سرمایۂ افتخار اور رہنمائی کا ذریعہ بنی رہے گی۔
ہم اس غمناک سانحہ پر حضرت ولی عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام، حوزاتِ علمیہ، علماء و فضلاء، تلامذہ و ارادتمندان، بالخصوص پسماندگان کی خدمت میں صمیمِ قلب سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعا ہے کہ حضرت حق آپ کی تمام علمی، دینی اور خالصانہ خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے، انہیں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔
سید تحقیق حسین رضوی
امام جمعہ و جماعت، بھاونگر، گجرات، ہندوستان










آپ کا تبصرہ