۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید کلب جواد نقوی

حوزہ/ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے اظہار غم کرتے ہوئے کہاکہ آیت اللہ مصباح یزدی کی رحلت عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ان کی پوری زندگی انقلاب اسلامی کی حمایت و مدافعت میں بسر ہوئی ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالم ربانی، مجتہد، فلسفی ،مفسر قرآن ،معلم اخلاق اور حوزہ علمیہ قم کے استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ محمد تقی مصباح یزدی ؒ کی رحلت پر مجلس علمائے ہند کے تمام اراکین نے اظہار رنج و غم کرتے ہوئے حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ الشریف ،رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی ،ان کے اہل خانوادہ اور تمام عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔

اس موقع پر مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے اظہار غم کرتے ہوئے کہاکہ آیت اللہ مصباح یزدی کی رحلت عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ان کی پوری زندگی انقلاب اسلامی کی حمایت و مدافعت میں بسر ہوئی ہے ۔وہ بے عدیل فلسفی ،عدیم النظیر مفسر اور معروف معلم اخلاق تھے ۔ امام خمینی ؒ کے عزیز شاگردوں میں انکا شمار ہوتا تھا اور انہوں نے ہمیشہ امام راحلؒ کے افکار و خیالات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد مختلف اہم عہدوں پر فائزرہے ،خاص طورپر مجلس خبرگان رہبری کے تاحیات رکن رہے ۔

رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ سے بے پناہ محبت کرتے اور ہمیشہ ولایت فقیہ کے حامی و ناصر رہے ۔مولانانے کہاکہ آیت اللہ مصباح یزدی ؒ نےعلوم مکتب محمد ؐ و آل محمد کی ترویج و ترقی کے لئے اہم خدمات انجام دیں جو ناقابل فراموش ہیں۔وہ تفسیر ،فلسفہ ،منطق ،اخلاق و عرفانیات ،سیرت معصومینؑ اور معارف اسلامی جیسے متعدد موضوعات پر گہری نگاہ رکھتے تھے ۔ان کے قلمی و فکری آثار ہمارے درمیان موجود ہیں جن پر اہل فکرونظر کام کررہے ہیں ۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے مزید کہاکہ ہم فقیہ اسلام آیت اللہ مصباح یزدی ؒ کی رحلت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ الشریف،مقام معظم رہبری،ان کے اہل خاندان ،علمائے کرام ،طلاب حوزات علمیہ اور پورے عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔خد اان کے درجات میں اضافہ فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرجمیل و اجر جزیل عنایت کرے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .