حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ مجلس علمائے ہند کے نائب صدر حجۃ الاسلام مولانا سید نعیم عباس نوگانوی کےغم انگیز سانحۂ ارتحال پر اظہار غم کرتے ہوئے ادارہ کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی نے ان کے اہل خانہ ،پسماندگان ،اقارب ،ان کے شاگردوں ، تمام علمااور ملت مسلمہ کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کی ۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے تمام اراکین مجلس علمائے ہند کی طرف سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سید نعیم عباس صاحب علم وعمل کے پیکر،حق بیان خطیب ،ملت کے دل سوز اور خیرخواہ واعظ تھے ۔ان کے انتقال کی خبر نے ہمارے دلوں کو شکستہ کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم اخلاص اور عمل کا مجسم پیکر تھے ۔انہوں نے ہمیشہ ملت کی اصلاح ،خیر خواہی اور مذہب کی ترقی کو پیش نظر رکھا،جس کا اجر سوائے پروردگار عالم کےاور کوئی نہیں دے سکتا۔مولانا مرحوم ہمیشہ مذہب کی مخلصانہ تبلیغ اور قوم کی مدبرانہ اصلاح میں مصروف رہے ۔انہوں نے عوام پسند باتوں کے بجائے خداورسولؐ کی خوشنودی کو ترجیح دی ۔انہوں نے تادم آخر منبر رسولؐ سے علوم محمدؐوآل محمد علیہم السلام کی نشرواشاعت کی اور بے باکی کے ساتھ معارف اہل بیتؑ کی ترویج وتبلیغ فرماتے رہے ۔یقیناً ان کا انتقال ملت تشیع کا ناقابل تلافی خسارہ ہے ۔
مولانا نے کہا کہ ہم اس غم ناک موقع پر تمام اراکین مجلس علمائے ہند کی طرف سے مولانا مرحوم کے اہل خانہ ،پسماندگان ،اقارب ،ان کے شاگردوں ،تمام حوزات علمیہ اور بالخصوص امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ الشریف کی خدمت میں تعزیت پیش کرتےہیں ۔ملت تشیع ان کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔پروردگار عالم مولانا مرحوم کو جوارائمہ معصومین علیہم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کے درجات کو بلند کرے ۔آمین۔
آپ کا تبصرہ