حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں آیت اللہ العظمیٰ سیستانی اور آیۃ اللہ حافظ بشیر نجفی کے وکیل حجت الاسلام سید احمد علی عابدی اور ہندوستان کے صوبہ جھار کھنڈ میں وکیل مولانا سید تہذیب الحسن رضوی اور امریکہ میں وکیل حجت الاسلام سخاوت حسین سندرالوی نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے ان علماء کرام کو عید غدیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ عید غدیر زیارت امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کا دن ہے اور محبان اہلبیت علیھم السلام کے لیے عید اکبر ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کو 24سال اس سے استفادہ نہیں کرنے دیا گیا ۔اگر تمام بنی ہاشم امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے گرد جمع ہو جاتے تو امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام سے ایسا کون کر سکتا اور کون ان سے غدیر چھینتا۔
آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت پوری دنیا میں صحیح معنوں میں غدیر پہنچانے کی ضرورت ہے ۔اس فریضہ کو ادا کرنے کے لیے علماء کرام کے کاندھوں پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب ان علمائے کرام نے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کو عید غدیر کی مبارکباد پیش کرنے کے بعد تبلیغ اسلام اور تبلیغ غدیر کے حوالے سے کی جانے والی اپنی کاوشوں کو مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کے محضر بیان کیا۔
آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی نے ان علمائے کرام کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے دعا کی۔ آخر پر ان علمائے کرام نے قیمتی وقت دینے پر آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔