منگل 17 نومبر 2026 - 16:49
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر ہندوستان میں نمائندۂ ولی فقیہ کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ ہندوستان میں رہبرِ معظم انقلاب کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے عالمِ تشیع کے عظیم فقیہ اور مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (قدس سرہ) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے حوزاتِ علمیہ، عالمِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبرِ معظم انقلاب کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے عالمِ تشیع کے عظیم فقیہ اور مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (قدس سرہ) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے حوزاتِ علمیہ، عالمِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں حجۃالاسلام ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی نے کہا: حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے اپنی بابرکت زندگی معارفِ اسلامی کی ترویج، تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی تبیین، علما و مجتہدین کی تربیت اور فقہ و اصول کے علمی ورثے کی حفاظت میں صرف کی۔ آپ کی گہری علمی بصیرت، غیر معمولی دقتِ نظر اور مضبوط استدلال نے حوزاتِ علمیہ کی تاریخ میں آپ کو ایک نمایاں اور ماندگار مقام عطا کیا۔

انہوں نے اپنے ذاتی تعلق اور علمی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تقریباً دو دہائیوں تک اس عظیم استاد کے محضرِ علمی میں فقہ و اصول کے عمیق مباحث سے استفادہ کرنے کا شرف حاصل رہا۔ انہوں نے اس سانحے کو محض ایک عظیم مرجعِ تقلید کی رحلت نہیں، بلکہ اپنے استادِ گرامی کی جدائی کا گہرا صدمہ قرار دیا، جن کے علم، فکر کی گہرائی اور دقیق علمی نکات سے انہوں نے برسوں استفادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فقیہِ جلیل القدر کے علمی آثار، تربیت یافتہ شاگرد اور گراں قدر علمی میراث حوزاتِ علمیہ کی علمی و معنوی ترقی کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

حجۃ الاسلام عبدالمجید حکیم الٰہی نے اپنے پیغام میں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبرِ معظم انقلاب، مراجعِ عظامِ تقلید، حوزاتِ علمیہ، مرحوم کے شاگردوں اور عقیدت مندوں، بالخصوص ان کے بیتِ مکرم اور فرزندانِ گرامی، خصوصاََ شیخ محسن وحید، کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

انہوں نے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عالمِ ربانی کی روحِ بلند کو اولیائے الٰہی اور ائمۂ اطہار علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے پسماندگان، شاگردوں اور تمام عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے۔

رَحِمَ اللَّهُ مَنْ أَحْيَا الْعِلْمَ وَأَوْرَثَ الْحِكْمَةَ وَتَرَكَ فِي النُّفُوسِ أَثَرًا لَا يَزُولُ.

عبدالمجید حکیم الٰہی

نمائندۂ رہبرِ معظم انقلاب در ہند

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha