منگل 17 نومبر 2026 - 12:59
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی علم، عمل، تقویٰ اور ولایت مداری کے حسین امتزاج کا مظہر تھے

حوزہ / حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی علمی اور معنوی زندگی علم، عمل، تقویٰ اور ولایت مداری کے مضبوط رشتے کی عکاس تھی۔ ان کے علمی آثار، فقہی و اصولی تقریرات اور گراں قدر معنوی میراث آنے والے ادوار میں حوزاتِ علمیہ کے فضلا اور محققین کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی (رہ) کے انتقال پر جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

إنا لله وإنا إلیه راجعون

امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: «إِذَا مَاتَ اَلْمُؤْمِنُ اَلْفَقِیهُ ثُلِمَ فِی اَلْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا یَسُدُّهَا شَیْءٌ» جب کوئی مؤمن فقیہ دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پڑ جاتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔

عالمِ تشیع کے عظیم مرجع تقلید، فقاہت و استقامت کے پیکر، زہد و تقویٰ کے نمونہ اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کی رحلت سے فقاہت اور مرجعیتِ شیعہ کے میدان میں ایک ایسا ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہوگیا ہے جس پر حوزاتِ علمیہ اور مکتبِ اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام سے وابستہ تمام عقیدت مند گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔

اس جلیل القدر فقیہ اور بے مثال محقق نے اپنی بابرکت زندگی کے دوران علمی جدوجہد، الہی معارف میں گہری بصیرت اور فقہ و اصول کے مبانی پر غیر معمولی عبور کے ذریعہ فقاہتِ شیعہ کے علمی نظام میں بلند مقام حاصل کیا۔ تدریس، تحقیق اور باصلاحیت افراد کی تربیت کے ذریعہ انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کے علمی ورثے کی حفاظت اور اجتہاد و فقاہت کے مبانی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے گراں قدر اور لازوال خدمات انجام دیں۔

سنہ 1356 ہجری شمسی (1978ء) میں پیش آنے والے 19 دی کے واقعات کے دوران نظامِ اسلامی کے اعلیٰ اہداف کی حمایت میں ان کے بصیرت افروز مؤقف، تبلیغی گروہوں کی روانگی کا اہتمام، اہل بیت علیہم السلام کے مقام و منزلت کی یاد میں مجالس کے انعقاد پر تاکید اور امام صادق علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت میں عزاداری کے جلوسوں میں شرکت، اہل بیت علیہم السلام کی بارگاہ سے ان کی خصوصی عقیدت اور اخلاص کا مظہر تھی۔

بلاشبہ، اس عظیم مرجع کی علمی اور معنوی زندگی علم، عمل، تقویٰ اور ولایت مداری کے مضبوط رشتے کی عکاس تھی۔ ان کے علمی آثار، فقہی و اصولی تقریرات اور گراں قدر معنوی میراث آنے والے ادوار میں حوزاتِ علمیہ کے فضلا اور محققین کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔

جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم اس عظیم مصیبت اور جانکاہ سانحے پر حضرت ولی عصر امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی (مدظلہ العالی)، مراجع عظام تقلید (دامت برکاتہم)، حوزاتِ علمیہ، مرحوم کے معزز خاندان اور ان کے فرزندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے۔

ہم بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ وہ اس عالم ربانی کے درجات بلند فرمائے، انہیں اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ محشور کرے اور ان کے پسماندگان، عقیدت مندوں اور مقلدین کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے۔

جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha