منگل 17 نومبر 2026 - 11:15
عالمِ اسلام ایک عظیم فقیہ اور استادِ حوزہ سے محروم ہوگیا، مولانا اعجاز قائمی

حوزہ/صدر شعبۂ علومِ دینیہ شیعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہندوستان کے پروفیسر نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی المناک رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر، شعبۂ علومِ دینیہ شیعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہندوستان مولانا ڈاکٹر اعجاز قائمی کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

نہایت رنج و غم اور گہرے افسوس کے ساتھ مرجعِ عالی قدر، عظیم فقیہ، استادِ فقہ و اصول اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی ممتاز علمی و روحانی شخصیت، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید حسین وحید خراسانی (طاب ثراہ) کی رحلت کی خبر موصول ہوئی۔ آپ نے اپنی بابرکت زندگی علم و تحقیق، دینی خدمات اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت میں صرف کی اور بالآخر اپنے پروردگار کے حضور حاضر ہوگئے۔

آپ جیسی عظیم علمی و روحانی شخصیت کی رحلت نہ صرف آپ کے خاندان اور اہلِ خانہ، بلکہ حوزہ ہائے علمیہ، علماء و فضلاء اور دنیا بھر میں مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے وابستہ افراد کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی علمی نقصان ہے۔

مرحوم فقہ و اجتہاد کی ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ علم، تقویٰ، پرہیزگاری اور ورع میں آپ کا مقام نمایاں تھا۔ آپ نے اپنی پوری زندگی تحقیق و تدریس، علمی مباحث اور علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج میں صرف فرمائی اور علماء و محققین کی متعدد نسلوں کی تربیت کی۔ آپ کی علمی تصانیف، دینی خدمات، فکری آثار اور علمی و دینی مواقف آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔

بلاشبہ آپ کی رحلت سے علمی و دینی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، تاہم آپ کا گراں قدر علمی سرمایہ، نافع آثار اور تربیت یافتہ شاگرد آپ کے علمی مشن اور روحانی میراث کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

اس المناک موقع پر میں آپ کے محترم خاندان، تمام اہلِ خانہ، شاگردوں اور عقیدت مندوں کی خدمت میں دلی تعزیت اور صمیمِ قلب سے اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں۔ بارگاہِ خداوندی میں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے وسیلے سے دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمتوں میں جگہ عطا فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے، محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ نیز آپ تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے اور اس عظیم سانحے پر آپ کے اجر میں اضافہ فرمائے۔

وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيمِ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha