منگل 17 نومبر 2026 - 07:51
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کا انتقال عالمِ تشیع کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کے سرپرستِ اعلیٰ مولانا علی حیدر فرشتہ نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔ انہوں نے مرحوم کی علمی، دینی اور تربیتی خدمات کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کے سرپرستِ اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی علمی و روحانی نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

تعزیتی بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ اسلام اور عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔

نہایت رنج و الم اور قلبی تأثر کے ساتھ عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید، جلیل القدر فقیہ، بلند پایہ استادِ حوزہ اور علومِ آلِ محمدؑ کے ممتاز پاسبان حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت پر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد اپنی گہری تعزیت اور دلی تسلیت پیش کرتا ہے۔

مرحوم کی پوری زندگی تحصیلِ علم، تحقیق و تدریس، ترویجِ معارفِ اہل بیتؑ اور مکتبِ تشیع کی علمی و فکری آبیاری سے عبارت تھی۔ آپ نے کئی دہائیوں تک حوزہ ہائے علمیہ میں تدریس و تحقیق کے ذریعے فقہ و اصول کے دقیق مباحث کو نئی جہتیں عطا کیں اور بے شمار فضلاء، مجتہدین اور اہلِ علم کی تربیت فرمائی۔ آپ کا علمی مقام، استدلالی قوت، ژرف نگاہی اور دینی بصیرت علمی حلقوں میں ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھی جاتی رہے گی۔

آپ کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو اہل بیت اطہارؑ سے والہانہ عقیدت، شعائرِ دینی کے احیاء اور بالخصوص سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب و عزاداری سے غیر معمولی وابستگی تھا۔ آپ نے اپنی علمی و دینی زندگی کو مکتبِ اہل بیتؑ کی خدمت اور اس کے پیغام کو زندہ رکھنے کے لیے وقف کیے رکھا۔

بلاشبہ آپ کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک ایسی عظیم علمی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے جس کا وجود حوزہ ہائے علمیہ کے لیے سرمایۂ افتخار اور نسلوں کے لیے علمی و معنوی رہنمائی کا سرچشمہ تھا۔ آپ کے علمی آثار، تربیت یافتہ شاگرد اور دینی خدمات آپ کے باقیاتِ صالحات کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد اس عظیم سانحے پر بالخصوص حضرت امام عصر، بقیۃ اللہ الاعظم امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہِ اقدس میں تعزیت پیش کرتا ہے، نیز رہبرِ معظم، حوزہ ہائے علمیہ کی عظیم قیادت، مرحوم کے اہلِ خانہ و متعلقین، ان کے شاگردانِ گرامی، مقلدین، عقیدت مندوں اور تمام محبانِ مرجعیت و مکتبِ اہل بیتؑ کی خدمت میں دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

ہم بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ رحمتِ الٰہی میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور پسماندگان، شاگردوں اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔

منجانب:

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

حجۃ الاسلام مولانا علی حیدر فرشتہ
سرپرستِ اعلیٰ، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha