حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن نے حجۃ الاسلام مولانا سید انیس الحسن زیدی کے انتقال پر ایک تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے اسے شہر ممبئی سمیت پورے مذہبِ تشیع کے علمی اور دینی حلقوں کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔
بیان حسب ذیل ہے:
موتُ العالمِ موتُ العالَم
انا للہ و انا الیہ راجعون
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کو نہایت رنج و الم کے ساتھ یہ اطلاع موصول ہوئی کہ حجۃ الاسلام مولانا سید انیس الحسن زیدی صاحب اس دارِ فانی سے رحلت فرما گئے۔ آپ کا انتقال نہ صرف شہر ممبئی بلکہ پورے مذہبِ تشیع کے علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔
مرحوم کی پوری حیات حصولِ علم، خدمتِ دین اور احیاءِ فکرِ دینی کے لیے وقف رہی۔ ابتدائے عمر سے ہی تعلیمِ دینی کے شوق میں مصروف رہے اور فراغت کے بعد تحریکِ دینداری کے قافلے میں خطیبِ اعظم مولانا غلام عسکریؒ کے ہمراہ تنظیم المکاتب کے ذریعہ ملک بھر میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
سن ۱۹۹۲ء سے ممبئی کی خوجہ شیعہ اثنا عشری جامع مسجد میں امامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے دینی، سماجی اور اصلاحی میدان میں خاموش مگر مؤثر کردار ادا کرتے رہے۔ آپ تا دمِ آخر اپنے منصبی فرائض پر ثابت قدم رہے۔
پسماندگان میں حجۃ الاسلام مولانا سید نجیب الحسن زیدی صاحب جیسے جواں سال و روشن فکر عالم شامل ہیں، جو علم، ادب، خطابت اور اعلیٰ اخلاق کا حسین امتزاج ہیں اور عشرۂ محرم کی مرکزی و عالمی مجالس کے خطیب بھی ہیں۔
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کے سرپرستِ اعلیٰ، صدر، عہدیداران اور اراکین مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ بالخصوص مولانا سید نجیب الحسن زیدی صاحب کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، مغفرت عطا کرے، انہیں جوارِ سید الشہداءؑ میں جگہ نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
مومنین سے دعائے مغفرت اور سورۂ فاتحہ کی گزارش ہے۔
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن









آپ کا تبصرہ