اتوار 22 فروری 2026 - 12:50
ممبئی میں مولانا سید انیس الحسن زیدی سپردِ خاک، سیکڑوں سوگواروں کی شرکت

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید انیس الحسن زیدی کو ممبئی میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر شہر کی علمی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد موجود رہی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید انیس الحسن زیدی کو ممبئی میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر شہر کی علمی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد موجود رہی۔ شدید گرمی اور روزے کی حالت کے باوجود مومنین کی قابلِ ذکر تعداد نے تشییعِ جنازہ میں شرکت کر کے اپنے محبوب عالمِ دین اور خادمِ قوم و ملت سے عقیدت کا اظہار کیا۔

تدفین کے موقع پر مختلف سماجی و دینی اداروں کے ذمہ داران اور عمائدینِ شہر نے شرکت کر کے مرحوم کی علمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے کے کونسلر جنرل مسیب رضا مطلق، کلچرل ڈائریکٹر رضا فاضل، صدر خوجہ ٹرسٹ رضا علی بندہ علی، غلام محمد لاکھانی، علی اکبر لاکھانی، محمد علی ناصر اور زین ناصر سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔

علمائے کرام میں نمایاں طور پر حجۃ الاسلام والمسلمین احمد علی عابدی (امام جمعہ و جماعت ممبئی)، حجۃ الاسلام والمسلمین روح ظفر، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد ذکی حسن نوری، حجۃ الاسلام والمسلمین شوکت عباس، حجۃ الاسلام والمسلمین غلام عسکری، حجۃ الاسلام والمسلمین تقی آغا (حیدرآباد)، حجۃ الاسلام والمسلمین اختر عباس جون (لکھنو)، حجۃ الاسلام والمسلمین کمیل اصغر (پونہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین فیاض باقر، حجۃ الاسلام والمسلمین عادل حسین زیدی (امام جماعت امامیہ مسجد)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد قیصر (استاد جامعہ امیرالمومنین)، حجۃ الاسلام والمسلمین سید ذوالفقار حسین (امام جماعت خوجہ مسجد باندرہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین فرمان موسوی، حجۃ الاسلام والمسلمین عزیز حیدر، مولانا وقار صاحب، مولانا نیاز حیدر صاحب، مولانا دعبل اصغر، حجۃ الاسلام والمسلمین محسن ناصری، حجۃ الاسلام والمسلمین مشہدی جلالپوری، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد تقی (امام جمعہ بجنور لکھنو)، حجۃ الاسلام والمسلمین عابد رضا رضوی کراروی، حجۃ الاسلام والمسلمین حسن رضا بنارسی، سید غازی نقوی اور غلام مہدی مولائی سمیت دیگر ممتاز علماء و فضلاء شریک رہے۔

نمازِ جنازہ شہر کے بزرگ عالمِ دین حجۃ الاسلام والمسلمین حسین مہدی حسینی نے پڑھائی، جبکہ اس سے قبل ایک مختصر مگر پُراثر مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین وصی حسن خان نے خطاب کیا۔ انہوں نے مرحوم کی علمی خدمات، تقویٰ، اخلاص اور قوم و ملت کے لیے ان کی شبانہ روز کاوشوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ خطاب کے دوران مصائبِ سید الشہداء علیہ السلام کا تذکرہ اس انداز میں کیا گیا کہ شرکاء کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

موسم کی شدید تپش اور روزے کی حالت کے باوجود جنازے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا عملی ثبوت تھی کہ مولانا سید انیس الحسن زیدی ایک ہر دلعزیز، مخلص اور با کردار رہنما تھے۔ سوگواران نے رقت آمیز فضا میں انہیں آخری آرامگاہ تک پہنچایا اور ان کی بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha