۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید صبیح الحسین رضوی

حوزہ/ رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب: اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بیٹی دوسرے کے گھر میں سکون سے رہے تو ہمارے گھر میں جو دوسرے کی بیٹی ہے اسے بھی سکون سے رہنے دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،منگلور/ہریدوار/ منعقد مجلس عزا میں سورہ نساء کی آیت نمبر 69 "اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا تو اُسے ان کا ساتھ ملے گا جن پر اللہ نے فضل کیا (نعمتیں نازل کی ہیں) یعنی انبیاء اور صدیقین اور شہداء اور صالحین (نیک لوگ) اور یہ کیا اچھے ساتھی ہیں" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے مولانا سید صبیح الحسین رضوی رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے فرمایا: قرآن کریم کے فرمان کے مطابق چار گروہ کا جنت میں جانا یقینی ہے۔ انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ جنت میں جائیں اور جنت میں ہمیں انکا پڑوس نصیب ہو تو ہمیں اللہ و رسول کی بے چوں و چرا اطاعت کرنی ہوگی۔ جن باتوں کا اللہ اور اس کے رسول نے حکم دیا ہے اس پر عمل کریں اور جن باتوں سے منع کیا ہے اس سے پرہیز کریں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں نیک لوگوں کی ہمراہی نصیب ہو تو خود بھی نیک بنیں، اگر ہم نیکی کے خواہشمند ہیں تو ہمیں بھی دوسروں کے ساتھ نیکی کرنی ہوگی۔

مولانا سید صبیح الحسین رضوی نے مثال دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر داماد کما کر سیدھے سسرال پہنچے تو سسرال والے اسے بہت اچھا داماد کہتے ہیں لیکن اگر بیٹا سسرال چلا جائے تو یہی لوگ اس کو نالائق اولاد کہتے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بیٹی دوسرے کے گھر میں سکون سے رہے تو ہمارے گھر میں جو دوسرے کی بیٹی ہے اسے بھی سکون سے رہنے دیں۔ صرف کپڑے اور کھانے میں دوسروں کا خیال نہ رکھیں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں ہمیں خیال رکھنا ہوگا۔ جب ہم دوسروں کے لئے نیک بن جائیں تب دوسروں سے نیکی کی تمنا کریں۔

واضح رہے کہ 12 اور 13 مارچ کو نانوتہ سہارن پور میں ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین نانوتہ کی جانب سے دو روزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد ہوگی۔ جسمیں مکاتب امامیہ کے طلاب و طالبات تعلیمی مظاہرے پیش کریں گے۔ شعرائے کرام منقبت اور تعلیمی بیداری نظمیں پڑھیں گے اور علمائے کرام تقاریر اور مجالس عزا خطاب فرمائیں گے۔

اس دینی تعلیمی کانفرنس میں المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی قم کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین آقائے رضا شاکری، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید شمیم الحسن صدر ادارہ تنظیم المکاتب، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ممتاز علی نائب صدر تنظیم المکاتب، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی سکریٹری تنظیم المکاتب، حجۃ الاسلام والمسلمین سید صبیح الحسین رضوی رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا فیروز عباس مبارکپوری جوائنٹ سکریٹری تنظیم المکاتب، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید نعیم عباس نوگاواں سادات، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مرزا جاوید، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محسن تقوی امام جمعہ شیعہ جامع مسجد دہلی کے علاوہ ملک کے نامور علمائے کرام شرکت کریں گے اور نظامت کے فرائض مولانا سید علی ہاشم عابدی انجام دیں گے۔

حسب دستور کانفرنس سے قبل خادمان تنظیم المکاتب علاقے کا تبلیغی دورہ کرتے ہیں لہذا اس دینی تعلیمی کانفرنس سے قبل سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی کی قیادت میں تنظیم المکاتب کا کاروان تبلیغ مغربی یوپی، ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیس اور اتراکھنڈ میں مومنین کی بستیوں کا تبلیغی دورہ کر رہا ہے۔ کاروان تنظیم میں مولانا سید صبیح الحسین رضوی، مولانا سید شوکت عباس نقوی ، مولانا فیروز عباس مبارکپوری، مولانا محمد عباس معروفی، مولانا غلام مہدی مولائی، مولانا سید توقیر حسین اور مولانا سید کیفی سجاد موجود ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .