حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ ملک کے مشہور دینی تعلیمی اور فلاحی ادارہ تنظیم المکاتب کی جانب سے بانی تنظیم المکاتب ہال گولہ گنج میں ’’ایک خدا کی عبادت اور مخلوق کی خدمت ۔ قرآن و محمد (ص) کا پیغام ‘‘ کے عنوان سے سہ روزہ عظیم الشان آل انڈیا بین الادیان کانفرنس کا پہلا جلسہ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز کا مولانا ماہر علی غازی فاضل جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا ۔ بعدہ مولانا صابر علی عمرانی نے نعت پاک پڑھی۔
تصویری جھلکیاں: تنظیم المکاتب میں سہ روزہ عظیم الشان قرآن و محمد (ص) کانفرنس کا پہلا جلسہ منعقد
جناب وقار سلطان پوری، جناب رضی بسوانی، جانب زاہد جلالپوری نے بارگاہ رسالتمآبؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مولانا زین العابدین علوی فاضل جامعہ امامیہ، انچارج امامیہ ای مکتب تنظیم المکاتب نے ’’اخلاق پیغمبرؐ‘‘ کے عنوان پر مقالہ پیش کیا۔
مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ لکھنؤ نے فرمایا : قرآن انسانیت کے لئے مکمل دستور حیات اور حضرت محمد (ص) پوری بشریت کے لئے رحمت اور رہبر ہیں ۔ لہذا ان دونوں کے سلسلہ میں سوالات و شبھات سے عام انسان کو بچانے کے لئے یہ کانفرنس بر وقت بہترین اقدام ہے۔
مولانا اظہار الحق قاسمی استاد دارالعلوم دیوبند نے فرمایا : قرآن تمام انسانوں کے لئے دستور زندگی کتاب ہے اور حضرت محمد (ص) تمام انسان کے لئے رسول ہیں لہذا ان کا احترام سب پر لازم ہے۔
مولانا وصی حسن خان رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے فرمایا کہ روایت میں ہے کہ کسی بندے کا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ اسمیں تین خصلتیں نہ پیدا ہو جائیں ایک اللہ کی خصلت لوگوں کے عیب چھپانا، رسول ؐ کی خصلت لوگوں سے اچھا برتاو تیسرے ولی خدا کی خصلت مشکلات میں صبر کرنا۔
مولانا سید صفدر حسین پرنسپل جامعہ امام جعفر صادق ؑ جونپور نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: مکہ مکرمہ میں جب حضورؐ نے اعلان اسلام کیا تو انسانیت دشمنوں نے آپ کی مخالفت کی لیکن اگر صداقت و امانتداری اور عظیم کردار نے دشمنوں کو ہر محاذ پر ناکام کیا۔
مولانا سید ضمیرالحسن (بنارس )رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے فرمایا کہ زبان سے زیادہ عمل سے سیرت رسولؐ کی تبلیغ کی ضرورت ہےجیسا کہ حدیثوں میں بھی ہمیں اسی کا حکم دیا گیا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآبؒ لکھنو نے فرمایا کہ جب دور جاہلیت میں عورت کو زندہ دفنایا جا رہا تھا تو کوئی اسے چڑیل کہہ رہا تھا اسلام ، رسولؐ اسلام اور قرآن کریم نے عورت کو وہ عظمت دی جس کا اس زمانے میں تصور ممکن نہیں ہے۔
مولانا رضا عباس علیگڑھ نےاپنی تقریر میں کہا کہ قرآن اور رسول اللہ (ص) انسان کو انسانیت کی عظیم منزلوں پر لے جانے والے ہیں اب جو انکی مخالفت کرے وہ در اصل انسانیت کا دشمن ہے۔ ادارہ تنظیم المکاتب کی جانب سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
جلسہ میں سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب ۔ رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب مولانا سید صبیح الحسین صاحب، مولانا فیروز عباس مبارکپوری جوائنٹ سکریٹری تنظیم المکاتب، ابوالاعلیٰ مودودی ریسرچ سینٹر لکھنو کے ڈائریکٹر مولانا ڈاکٹر سکندر علی اصلاحی صاحب کے علاوہ بلاتفریق مذہب وملت علماء و دانشوران موجود تھے۔