۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
لکھنؤ میں قرآن کلاسیز کے اختتام پر جلسہ تقسیم انعامات منعقد ہوا

حوزہ/ قرآن کریم کی تعلیم کے پیش نظر ماہ رمضان المبارک ۱۴۴۴؁ھ کو مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام (چھوٹی مسجد) لنگرخانہ حسین آباد میں قرآن کلاسیز کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ قرآن کریم کی تعلیم کے پیش نظر ماہ رمضان المبارک ۱۴۴۴؁ھ کو مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام (چھوٹی مسجد) لنگرخانہ حسین آباد میں قرآن کلاسیز کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں ان حضرات کو دعوت دی گئی جو قرآن کریم نہیں پڑھ سکتے یا صحیح نہیں پڑھ سکتے ۔ تعلیم قرآن کا ذوق رکھنے والے نوجوانوں اور جوانوں نے ان کلاسیز میں شرکت کی، کلاسیز کے اختتام پر مذکورہ مسجد میں جلسہ تقسیم انعامات منعقد ہوا۔

تصاویر دیکھیں: لکھنؤ میں قرآن کلاسیز کے اختتام پر جلسہ تقسیم انعامات منعقد ہوا

جلسہ میں اولاً کلاسیز میں شرکت کرنے والےکچھ بچوں نے تلاوت کی۔ بعدہ مولانا سید علی ہاشم عابدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث ‘‘تم میں سب بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ’’ کو سرنامہ کلام قرار دیتے بیان کیا کہ حضورؐ نےاپنی وفات سے قبل امت کو جن دو چیزوں سے تمسک کا حکم دیا تھا ان میں ایک قرآن کریم ہے دوسرے اہل بیت علیہم السلام ہیں ۔ لہذا اسی فرمان نبوی پر عمل کرتے ہوئے ان کلاسیز کا آغاز کیا گیا ۔ جسمیں شرکاء کو اس مختصر مدت میں عربی حروف تہجی سےتعلیم دی گئی کہ آج الحمد للہ انھوں نے آپ کے سامنے قرآن کریم کی تلاوت کی۔

مولانا ڈاکٹر سید کلب سبطین نوری صاحب نےاس قرآنی خدمت کو سراہتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیم کی اہمیت بیان کی۔انھوں نے مزید فرمایا کہ والد مرحوم مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق طاب ثراہ قم اور نجف سے آنے والے علماء کی ہر دینی تعلیمی خدمات پر خوشی کا اظہار فرماتے اور انہیں سراہتے تھے۔

جناب سید اطہر صغیر تورج زیدی چیئرمین فخرالدین علی احمد کمیٹی نے اس قرآنی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم قرآن کی یہ پہل قابل قدر ہے اور ہم منتظمین سے گذارش کریں گے کہ اس سلسلہ کو مسلسل جاری رکھیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ قرآن کریم کی تعلیم حاصل کر سکیں ۔

جلسہ میں مولانا سید ارشد حسین موسوی ، جناب سید محمد مہدی اسلم زیدی، جناب اطہر کاظمی ، جناب رضوان مصطفیٰ و دیگر مومنین نے شرکت کی۔

آخر میں قرآن کلاسیز میں شریک کامیاب بچوں اور جوانوں کو قرآن کریم بطور انعام پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس قرآن کلاسیز کا اہتمام جناب تفضل حسین اور ان کے رفقائے کار نے کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .