۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
حضرت امام زین العابدین (ع) کی ولادت با سعادت اور ادارہ تنظیم المکاتب کے یوم قیام پر دو روزہ محفل مسرت

حوزہ/ حضرت امام زین العابدین (ع) کی ولادت با سعادت اور ادارہ تنظیم المکاتب کے یوم قیام پر دو روزہ محفل مسرت کی رپورٹ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ۹ ؍ جنوری ۲۰۲۱ ؁ ء بروز سنیچر ۷، بجے شام میں بانی تنظیم المکاتب ہال گولہ گنج میں منعقد ہوئی ۔ جسکا آغاز قاری معین الدین صاحب استاد جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ جسمیں عزت مآب جسٹس شبیہ الحسنین صاحب (رٹائرڈ جسٹس ہائی کورٹ الہ آباد) نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ 

ممتاز شیعہ عالم مولانا سید کلب جواد نقوی صاحب نے اسلام میں علم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بچوں اور جوانوں کی دینی تعلیم پر تاکید کی اور اس سلسلہ میں ادارہ تنظیم المکاتب کی خدمات کو سراہا۔ 

مولانا سید صفی حیدر صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۵۴ ؍ برس پہلے خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ نے ۵ ؍ مکاتب سے ادارہ تنظیم المکاتب کا قیام کیا جس کے آج ایک ہزارسے زیادہ مکاتب پورے ملک میں قائم ہیں کہ نسل حاضر میں اکثریت کی ابتدائی دینی تعلیم تنظیم المکاتب کا امتیاز ہے۔

مولانا سید صفی حیدر صاحب نے فرمایا کہ دنیا میں جتنے بھی کرپشن ہو رہے ہیں اس میں بے دین اہل علم بنیادی کردار نبھاتے ہیں جان لیوا کیمکل اور اسلحہ بناتے ہیں ، نسل انسانی کے خاتمہ کی پلاننگ کرتے ہیں اور بے علم دینداروں کے ذریعہ اپنے باطل منصوبوں کو پائے تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔ نباض قوم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ نے انسانیت کے دونوں دشمن یعنی جہالت اور بے دینی کو قوم سے دور کرنے کے لئے ادارہ تنظیم المکاتب کو قائم کیا تا کہ سماج میں نیکیوں کا بول بالا ہواور نسلیں ترقی کریں۔ 

مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب نے بیان کیا کہ ادارہ تنظیم المکاتب نےمختلف دینی تعلیمی اور فلاحی شعبہ جات میں خدمتیں کی۔ مکاتب امامیہ اور اس کا نصاب تعلیم، جامعہ امامیہ، جامعۃ الزہراؑ، مدرسین و معلمات اور ائمہ جماعت کا تربیتی کیمپ، اردو ہندی ماہانہ میگزین، تعلیم اور علاج میں مدد وغیرہ ادارہ کی نمایاں خدمات ہیں۔ دور حاضر کی ضرورتوں کے پیش نظر چند اسکیمس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ دور حاضر کی ضرورتوں کے پیش نظر نصاب تعلیم کو رنگین جاذب نظر طبع کیا گیا ، تنظیم المکاتب کی خدمات سے آشنائی ، خدمت کرنے اور حاصل کرنےمیں آسانی کے لئے ایپ بنا یا گیا اور نصاب تعلیم اور دیگر دینی کتب کے علاوہ ولادت سے وفات تک کی تمام دینی ضرورتوں کی فراہمی کے لئے ’’ای شاپ‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ 

سکریٹری تنظیم المکاتب نے آخر میں بیان کیا کہ تنظیم المکاتب ۵۴ ؍ برسوں ے جہا ں مختلف دینی اور سماجی خدمتیں انجام دے رہا ہے وہیں اردو زبان و ادب کی بھی خدمت کر رہا ہے۔ ہمارا نصاب تعلیم  اردو میں ، ہماری اکثر مطبوعات اردو میں، ہماری میگزین اردو میں ہے۔ 

محفل میں مولانا سید نقی عسکری صاحب اورمولانا منظر علی عارفی صاحب نےبھی تقاریر کیں اور جناب رضا مورانوی، جناب مائل چندولوی اور جناب مجیب صدیقی نے کلام پیش کیا نیز مکاتب امامیہ کے طلاب و طالبات نے تعلیمی مظاہرہ کیا ۔ 

جشن مسرت کی دوسری نشست ۱۰ ؍ جنوری بروز اتوار دن میں ۳۰:۲ بجے خطیب اعظم ملی ترقیاتی سینٹر نیپیئر پلازہ ٹھاکر گنج میں منعقد ہوئی ۔ جسکا آغاز مولانا محمد عباس معروفی صاحب نے تلاوت قرآن کریم سے کیا ۔ 

جناب سید نجم الحسن نجمی صاحب سکریٹری توحید المسلمین ٹرسٹ نے ادارہ تنظیم المکاتب کی دینی تعلیمی اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے دینی اور عصری تعلیم کی تاکید فرمائی۔ 

واضح رہے کہ جناب سید نجم الحسن نجمی صاحب سکریٹری توحید المسلمین ٹرسٹ نے توحید المسلمین ٹرسٹ کی جانب سے مکتب امامیہ سجادیہ گنگیرو شاملی کی طالبہ صدیقہ فاطمہ کے قرآن کریم پارہ 29 اور 30 کے حفظ مع ترجمہ کے تعلیمی مظاہرہ پر مکمل تعلیمی اخراجات اور مکتب امامیہ مصطفی آباد دہلی کی طالبہ علویہ زہرا کے تعلیمی مظاہرہ پر اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔مولانا رضا عباس صاحب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے خطاب کرتے ہوئے عصری تعلیم  کے سلسلہ میں ادارہ تنظیم المکاتب کی خدمات کو سراہا اور بیان کیا کہ یہ حسن اتفاق ہے کہ مجھے پہلی بار اتنے قریب سے ادارہ کے خدمات دیکھنے کا موقع ملا اور انشاء الله ادارہ سے وابستگی کا یہ سلسلہ آیندہ بھی جاری رہے گا۔

سلائٹ کے ذریعہ ادارہ تنظیم المکاتب کی دینی تعلیمی سماجی فلاحی خدمات سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا اور اسی دوران سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب نے خدمات کی وضاحت فرمائی۔ نیز جدید خدمات امامیہ اسٹڈی سینٹر، ای مکتب، مولانا سید غلام عسکری روزگار یوجنا کی ضرورت اور افادیت کو بیان کیا اور مذکورہ اسکیمس کا افتتاح فرمایا۔

مولانا سید عادل منظور صاحب، جناب عشرت لکھنوی ، جناب رضا مورانوی، جناب مائل چندولوی اور جناب مجیب صدیقی نے کلام پیش کیا نیز مکتب امامیہ مصطفی آباد دہلی، مکتب امامیہ متئی بارہ بنکی اور مکتب امامیہ سجادیہ گنگیرو شاملی کے طلاب و طالبات نے تعلیمی مظاہرہ کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا اعجاز حسین صاحب نے انجام دئیے۔ دعائے فرج امام عصر پر جشن کا اختتام ہوا اور سربراہ ادارہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب نے شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

تصویری جھلکیاں:                                                            https://ur.hawzahnews.com/news/365058

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .