۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا مناظر حسین نقوی

حوزہ/ الجواد فاؤنڈیشن ہندوستان کے سربراہ نے ملک کے مختلف شہروں میں ایام فاطمیہ کو جوش و جذبے کے ساتھ انعقاد و اقدامات کے تعلق سے اپنے تجربات کو بیان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الجواد فاؤنڈیشن ہندوستان کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین سید مناظر حسین نقوی نے ہندوستان کے مختلف شہروں میں ایام فاطمیہ کو جوش و جذبے سے منانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے تعلق سے حوزہ نیوز ایجنسی کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الجواد فاؤنڈیشن نے 2021ء میں ایام فاطمیہ کی مجالس منعقد کرانے کے لئے اپنا کام بہت پہلے سے شروع کر دیا تھا، تاکہ ایام فاطمیہ کو پورے ہندوستان میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاسکے۔ اس سلسلے میں الجواد کے اراکین مختلف شہروں میں مذہبی وفود و ماتمی انجمنوں سمیت سرگرم مبلغین اور دینی علماء سے رابطے میں ہیں تاکہ ایام فاطمیہ کو ہندوستان کے مختلف شہروں میں ایک شاندار طریقے سے منایا جا سکے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل ہندوستان میں، ایام فاطمیہ کو محدود زمان و مکان کے ساتھ صرف ہندوستانی خواتین ہی مناتی تھیں اور مردوں میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے کوئی خاص اہتمام نہیں ہوتا تھا لیکن، مراجع عظام تقلید کی ایام فاطمیہ کو منانے کی بہت زیادہ سفارش کے بعد الجواد فاؤنڈیشن کے ذریعے ہندوستان میں عشرہ ایام فاطمیہ کے انعقاد کا سلسلہ 2006ءسے شروع ہوا۔

حجت الاسلام و المسلمین نقوی نے بیان کیا کہ ابتدائی برسوں میں، ہم نے لوگوں میں بڑی مشکل سے حضرت زہرا (س) کے ایام عزاداری کا آغاز کیا، دو سے  تین سال تک، الجواد فاؤنڈیشن کے ادارے کو ایام فاطمیہ کی مجالس منعقد کرانے کے لئے سخت محنت اور جدوجہد کا مظاہرہ کرنا پڑا لیکن الحمدللہ ہم بہت جلد شیعہ اور مسلمانوں کے مابین بی بی دو عالم(س) کی عزاداری کو صحیح طور پر منعقد کرانے میں کامیاب ہوئے۔یہاں تک کہ ابتدائی مراحل میں مسلم اخبارات نے بی بی دو عالم(س) کے مبارک نام کے ساتھ  "شہادت" کا لفظ لکھنے سے انکار کردیا ، لیکن بہت کوشش اور محنت سے اس رکاوٹ کو بھی ہٹا دیا اور اب کئی برسوں سے تمام ہندوستانی اخبارات بشمول شیعہ، سنی اور ہندو ایام فاطمیہ میں، لفظ شہادت اور بی بی دو عالم (س) کی سوانح حیات لکھنے میں ایک دوسرے سے سبقت لیتے ہیں۔

سربراہ الجواد فاؤنڈیشن نے ایام فاطمیہ میں الجواد فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے تعلق سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ الجواد فاؤنڈیشن شروع سے لے کر اب تک ہندوستان میں 80 سے زیادہ مختلف مقامات پر ایام فاطمیہ کی مجالس منعقد کرانے میں مصروف عمل رہا ہے، ان تمام مقامات پر علماء، مبلغ اور خطباء بھیجے جانے کا اہتمام بھی کرتے ہیں اور ایام فاطمیہ کو منانے کے ساتھ ساتھ، حضرت زہرا (س) کی زندگی پر بین الاقوامی سطح پر کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد بھی کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2008ء سے، ہم ہر سال ہندوستانی ریاستوں کے مرکزی شہروں میں  سیمینار کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ لوگ حضرت زہرا (س) کے عظیم کردار اور مقام سے بخوبی واقف ہوں۔ا ن سیمیناروں میں ہندوستان کے اعلی سیاسی، ثقافتی اور علمی عہدیدار شرکت کرتے ہیں۔ سیرت حضرت زہرا (س) کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار میں، امام خمینی (رح) کی صاحبزادی بھی بطور مہمان خصوصی موجود تھیں۔ ان سیمیناروں میں ہندوستان کے وزراء، صدر کے نائبین اور وزیر اعلی بھی شرکت کرتے ہیں اور بی بی دو عالم(س) کے فضائل اور کرامات پر اپنے اپنے الفاظ میں روشنی ڈالتے ہیں۔

حجت الاسلام سید مناظر نقوی نے بتایا کہ مختلف شخصیات کی یاد داشتوں کو جلد شائع کیا جائے گا اور ان یاد داشتوں کو یادگار کے طور پر یونیورسٹیوں کی لائبریریاں سمیت علمی و سیاسی مراکز میں بھیجا جائے گا جو ان شاء اللہ ظہور حضرت حجت بن الحسن تک ہر مذہب کے لوگوں کے ذہنوں میں زندہ رہیں گے۔

ہندوستان کے سرگرم مبلغ نے بیان کیا کہ سن 2015ء سے، الجواد فاؤنڈیشن کے سربراہ کی جانب سے ایک تحریک کا آغاز کیا گیا ہے جو ایک بین الاقوامی مشہور و معروف ٹی وی چینل "زی سلام"میں بھی ایک پروگرام نشر کیا جاتا ہے جسکے آغاز میں ایک سنی عالم دین خطبہ پڑھتے ہیں اور اس کے بعد شیعہ اور سنی مایہ ناز علمائے کرام حضرت زہرا (س) کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہیں اور گزشتہ سال اس پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر لاکھوں لوگوں نے خیرمقدم کیا۔

آخر میں، انہوں نے کہا کہ یہ ساری کاوشیں مؤمنین اور حضرت زہرا (س) کے چاہنے والے مخیرین حضرات کی مدد سے ممکن ہوئیں اور آئندہ بھی ان ہی حضرات کے تعاون مزید جاری رہے گا اور حسب سابق امسال بھی، ہندوستان کے تمام شہروں میں ایام فاطمیہ پورے جوش و جذبے سے منائے جائیں گے۔

تصویری جھلکیاں:  https://ur.hawzahnews.com/news/365050

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .