حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام کے عظیم کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے جہاں پورے عالم اسلام میں سوگ منایا گیا وہی ہندوستان کے متعدد شہروں میں دلوں کے اس سردار کی یاد منائی گئی۔
جہاں ہندوستانی مؤمنین کی جانب سے متعدد شہروں میں شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر متعدد پروگرام منعقد ہوئے وہیں THE MESSAGE OF KARBALA ٹیم اور مقامی مؤمنین کی جانب سے اس کے تین بڑے شہروں میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں سب سے پہلے پہلی جنوری کو کانپور شہر میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں وہاں کے امام جمعہ سمیت متعدد مؤمنین نے شہید کے سلسلہ میں خراج عقیدت پیش کئے اس کے بعد حجت الاسلام مولانا سید محمد مہدی رضوی صاحب نے مجلس سے خطاب فرمایا۔
دوسرے دن یعنی دو جنوری کو بارہ بنکی میں اس سلسلہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا جابر جوراسی، مولانا سراج احمد اور مولانا سید محمد مہدی اور مولانا ابن عباس صاحبان نے تاثرات پیش کرتے ہوئے شہید کی زندگی پر روشنی ڈالی، اس کے بعد حجت الاسلام مولانا مشاہد عالم رضوی صاحب نے مجلس عزا سے خطاب فرمایا۔
اس کے بعد تین جنوری کو لکھنؤ میں شھید قاسم سلیمانی کی یاد میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس کو مولانا اصطفی رضا صاحب نے خطاب فرمایا۔
قابل ذکر ہے لکھنؤ میں شہید قاسم سلیمانی کے بارے میں ہندی میں مرتب کی گئی کتاب’’دلوں کا سردار‘‘ کی رسم اجرا بھی انجام پائی جس کا ترجمہ مولانا سید محمد مہدی رضوی اور ان کے احباب مولانا غیور مہدی مولائی اور مولانا سید عدیل حسن نے کیا نیز مولانا سید محمد مہدی رضوی صاحب نے ہی اس کتاب کو مرتب کیا ہے۔