حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تشنگان معارف قرآنی اور خطبائے کرام کے لئے خوشخبری، عظیم علمی اور قرآنی خزانہ ’’تفسیر مجمع البیان ‘‘ کی پہلی جلد اب اردو ترجمہ کے ساتھ زیور طبع سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آ چکی ہے۔
عالم اسلام کی مقبول ترین تفسیر ’’مجمع البیان‘‘ کا اردو ترجمہ سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کی کوششوں سے طبع ہو کر منظر عام پر آ چکی ہے۔
حسب ضرورت ہر زمانے میں بہتر سے بہتر کتابیں طبع کر کے منظر عام پر لانا ادارۂ تنظیم المکاتب کا خاصہ رہا ہے۔ تفسیر ’’مجمع البیان لعلوم قرآن ‘‘ چھٹی صدی ہجری کے عظیم عالم، مفسر، متکلم اور فقیہ امین الاسلام جناب ابو علی فضل بن حسن طبرسی رحمۃ اللہ علیہ کی عظیم علمی کاوش اور اسلامی علمی خزانہ کا گواہر نایاب ہے۔ اصل کتاب عربی میں ہے۔
اردو زبان مومنین اس عظیم علمی اور قرآنی خزانے سے محروم نہ رہیں لہذا مایہ ناز عالم ، ادیب و مترجم مولانا سید تلمیذ حسنین رضوی طاب ثراہ کی فرمائش اور نگرانی میں مولانا پروفیسر ڈاکٹر سید طیب رضا نقوی صاحب قبلہ چیئرمین شعبہ دینیات شیعہ عل گڑھ مسلم یونیورسٹی اس کے اہم حصوں اللغۃ (الفاظ و معانی)، شان نزول اور المعنیٰ (تفسیر) کا اردو ترجمہ کیا۔ انہیں کے حکم سے ان کے ترجمہ کو جامعہ امامیہ کے اساتذہ مولانا فیروز علی بنارسی صاحب اور مولانا محمد عباس معروفی صاحب نے ایک بار اسے اصل کتاب سے ملایا تا کہ ممکنہ تسامحات دور ہو سکیں۔ نیز کتاب کے بقیہ نمایاں حصوں ’’القراءۃ‘‘، ’’الحجۃ‘‘ اور ’’الاعراب‘‘ کا ترجمہ مولانا فیروز علی بنارسی صاحب نے کیا۔