۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
تنظیم المکاتب

حوزہ/ادارئہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین میمن سادات ضلع بجنور کی جانب سے میمن سادات ضلع بجنور میں  ۱۴ و ۱۵؍ مارچ ۲۰۲۰؁ء کو دوروزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارئہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین میمن سادات ضلع بجنور کی جانب سے میمن سادات ضلع بجنور میں  ۱۴ و ۱۵؍ مارچ ۲۰۲۰؁ء کو دوروزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں مغربی یوپی کے ۴۵ مکاتب امامیہ کے طلباء و طالبات کے تعلیمی مظاہرے کے علاوہ علماء و دانشوران نے تقاریر اور شعراء کرام نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

تعلیمی مظاہروں میں طلاب و طالبات نے کافی مفید مظاہرے پیش کئے جو بچّوں اور اُن کے والدین میں دینی شوق اور ایک دینی ماحول سازی کا ذریعہ تھے ۔جیسے مکتب امامیہ سجاد یہ گنگیرو ضلع شاملی کی صدیقہ فاطمہ نے تیسواں پارہ مع ترجمہ حفظ کیا کہ کہیں سے بھی کوئی سوال کرے تو وہ فوراً اپنے حفظ سے بتا دیتی اسکے بعد پردہ اور سماجی مسائل سے مربوط مظاہرے ہوئے اور مکتب امامیہ گڑھی موانہ ضلع میرٹھ کے طلباء نے پڑوسی کے حقوق کے موضوع پر ایک بہترین ڈرامہ پیش کیا۔

کانفرنس میں کثیر تعداد میں مومنین اور قومی ومذہبی شخصیات نے شرکت کی جن میں  صدر ادارہ تنظیم المکاتب مولانا شمیم الحسن ، مولانا نعیم عباس، سربراہ ادارہ مولاناسید صفی حیدر، مولانا سید شوکت عباس، مولانا مرزا جاوید، مولانا محسن نقوی، مولانا سید تہذیب الحسن، مولانا سید تقی عسکری، مولانا علی حیدر غازی، مولانا منظر علی عارفی، مولانا فیروز علی بنارسی، مولانا قمر سبطین، مولانا اعجاز حسین، مولانا عابد عباس، مولانا کیفی سجاد، مولانا محسن عباس اور شعراء اہلبیتؑ جناب مائل چندولوی، میجب صدیقی، سلمان سرسوری، حیدر کانپوری، آصف جلال، کلیم اصغر بجنوری  وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

نیز تنظیم المکاتب کے انگنت خدمات سے مومنین کو واقف کرانے کے لئے دینی تعلیمی کیمپ بھی لگا جس میں مختلف شعبہ جات کی نمائندگی کے ساتھ ادارہ کی نشریات اور ولادت سے وفات تک کی دینی ضروریات کے سامان بھی فراہم تھے۔

قابل ذکر ہے کہ کانفرنس سے پہلے خادمانِ ادارہ و مبلغین حضرات نے مولانا سید صبیح الحسین صاحب کی قیادت میں ضلع بجنور کی مختلف بستیوں کا تبلیغی دورہ کیا جس میں مکاتب امامیہ کے معائینے کے علاوہ محافل و مجالس منعقد ہوئیں جنھیں علماء کرام نے خطاب فرمایا۔

واضح رہے کہ خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کا قائم کردہ ادارہ تنظیم المکاتب پچاس برس سے زیادہ عرصہ سے مختلف دینی و قومی خدمات انجام دے رہا ہے جس کا روزانہ خرچ تقریباً ایک لاکھ روپیہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .