حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ بانی تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری کی سالانہ یاد کے موقع پر مجالس کا انعقاد کیا گیا جسکی دو مجلسیں بجنور ضلع لکھنؤ میں ہوئی اور ایک مجلس تنظیم المکاتب ہال میں ہوئی۔
پہلی مجلس ضلع بجنور، لکھنؤ میں منعقد ہوئی جہاں ادارہ تنظیم المکاتب کے نائب صدر مولانا سید صبیح الحسین نے خطاب کیا۔ انہوں نے مولانا غلام عسکری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بانی تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری نے یہ ادارہ قائم کر کے ایک عظیم کام کیا۔ اُن کی محنت اور عزم کی بدولت یہ ادارہ آج ایک اہم مقام رکھتا ہے، جو دینی تعلیمات کی ترویج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری مجلس بھی ضلع بجنور میں ہوئی اور اس میں ادارہ تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں ادارہ تنظیم المکاتب کو ایک مشین کے مانند سمجھتا ہوں اور میں اس مشین کا ایک چھوٹا سا پرزہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ تنظیم المکاتب کی کامیابی میں تمام افراد کا کردار ہے اور میں خود کو اس کا حصہ سمجھتا ہوں۔
تیسری مجلس گولہ گنج میں واقع تنظیم المکاتب ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مجلس انتظام ادارہ تنظیم المکاتب کے رکن مولانا سید کاظم مہدی عروج نے خطاب کیا۔ انہوں نے تنظیم المکاتب کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "تنظیم المکاتب بے انتہا خدمات انجام دے رہا ہے اور میں دعا گو ہوں کہ یہ ادارہ اسی طرح امام زمانہ کی خدمت میں مصروف رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ امام زمانہ کا ادارہ ہے اور ہم سب امام کے نوکر ہیں۔
آپ کا تبصرہ