۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
تنظیم المکاتب

حوزہ/ دین کی خدمت کے لئے جو چیز سب سے ضروری ہے وہ شرح صدر ہے، یعنی انسان دوسرے کو برداشت کر سکے، دوسرے کی بات سنے، اگر کوئی نادانی میں کوئی بات کہہ دے تو اس سے الجھے نہیں اور اگر کوئی دشمنی میں بھی کہے تب بھی اس کو اسی حد تک جواب دے جس سے وہ اپنے بلند مقصد سے نہ ہٹے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور اہلبیتؑ کی یہی سیرت تھی کہ شرح صدر ہر منزل پر قابل مشاہدہ تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنو-بجنور/ خادمان ادارہ تنظیم المکاتب کے ایک وفد نے آج بانی تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کے وطن بجنور کا دورہ کیا۔ وفد نے امامیہ مسجد بجنور پہنچ کر نماز جمعہ میں شرکت کی بعدہ مولانا سید نقی عسکری صاحب رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے تقریر کی۔

مولانا نقی عسکری صاحب نے مومنین کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: دین کی خدمت کے لئے جو چیز سب سے ضروری ہے وہ شرح صدر ہے، یعنی انسان دوسرے کو برداشت کر سکے، دوسرے کی بات سنے، اگر کوئی نادانی میں کوئی بات کہہ دے تو اس سے الجھے نہیں اور اگر کوئی دشمنی میں بھی کہے تب بھی اس کو اسی حد تک جواب دے جس سے وہ اپنے بلند مقصد سے نہ ہٹے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور اہلبیتؑ کی یہی سیرت تھی کہ شرح صدر ہر منزل پر قابل مشاہدہ تھا۔

مولانا نقی عسکری صاحب نے مومنین کو تنظیم المکاتب کی جدید خدمات امامیہ اسٹڈی سینٹر، ای شاپ، غلام عسکری روزگار اسیکم، ای مکتب، ای جامعہ امامیہ اور ای جامعۃالزہراؑ سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی ۱۰؍ ۱۱ ؍ ۱۲ دسمبر جمعہ، ہفتہ اتوار کو تنظیم المکاتب میں ہونے والی ’’ایک اللہ کی عبادت اور مخلوق کی خدمت۔ قرآن اور محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا پیغام ‘‘ سہ روزہ عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

وفد میں مولانا سید نقی عسکری صاحب کے علاوہ مولانا سید ممتاز جعفر نقوی صاحب مربی اعلیٰ جامعہ امامیہ، مولانا سید راحت حسین صاحب سینئر انسپکٹر تنظیم المکاتب، مولانا اعجاز حسین صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب اور مولانا سید میثم رضا موسوی فاضل جامعہ امامیہ تھے۔

تقریر کے بعد علماء بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کے مقبرہ تشریف لے گئے جہاں بانی تنظیمؒ ، انکے والد، بھائی، ہمشیرہ اور اہلیہ کی قبور پر فاتحہ خوانی کی۔

واضح رہے خادمان تنظیم المکاتب لکھنؤ کی مساجد کا دورہ کر رہے ہیں جسمیں مومنین کو ادارہ کی خدمات سے اگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .