حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو میں واقع یوپی پریس کلب میں تنظیم المکاتب کے سیکریٹری حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ایک پریس کانفرنس کرکے سہ روزہ پروگرام کا اعلان کیا، جس میں بین المذاہب رواداری، عدم تشدد و مذہبی ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لیے علماء و دانشوروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔
واضح رہے کہ تنظیم المکاتب لکھنؤ ملک ہندوستان کا ایک ایسا ادارہ ہے جو ملک کی 18 ریاستوں کے دیہاتوں اور شہروں میں 5 دہائیوں سے زائد عرصے سے قرآن کریم اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے پیغام ’’ایک خدا کی عبادت اور تمام مخلوقات کی خدمت‘‘ کو پہنچا رہا ہے۔ تاکہ ایک انسان دوسرے انسان کو دکھ اور تکلیف دینے کے بجائے ایک دوسرے کا سہارا بن جائے۔
مولانا صفی حیدر زیدی نے مزید کہا کہ چونکہ اس وقت بہت تیزی سے سماج میں دشمن عناصر قرآن مجید اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے پیغام کی غلط تشریح کر کے غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے اور یہ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے کہ تمام مشکلات اور پریشانیوں کی وجہ قرآن کریم اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تعلیمات ہیں۔ ایسا کرکے لوگوں کو بہت تیزی سے گمراہ کیا جارہا ہے، یہی بنیادی وجہ ہے کہ ہمارے ادارہ تنظیم المکاتب نے 10، 11 اور 12 دسمبر کو اپنے یہاں (گولہ گنج لکھنو) میں تین روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس میں مختلف مذاہب کے مذہبی رہنما اور دانشوران شرکت کریں گے۔ جس کا عنوان "ایک خدا کی عبادت اور انسانیت کی خدمت، قرآن اور پیغام محمدی" رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی غلط فہمیوں اور پروپیگنڈے کو دور کرنے کے لئے یہ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ تاکہ غلط فہمیاں دور ہوں اور ہمارے پیارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارہ مضبوط اور برقرار رہے۔