۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
مولانا تطہیر زیدی

حوزہ/ علی مسجد جامعہ المنتظر میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ممتاز عالم دیں کا کہنا تھا کہ معاملات زندگی قرآن و حدیث کے مطابق گذارنا ہی دراصل اسلام ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کا بتایا ہوا راستہ ہے۔ اس راستے پر خود سرور کائنات نے عمل کیا اور آئمہ معصومینؑ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا اقتصادیات اور معیشت میں بھی فرق ہے۔ اسلامی تعلیمات کو جاننے والا ہی اقتصادیات کا درس دے سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے کہا کہ صرف نماز، روزہ اور حج کرنا ہی اسلام نہیں، یہ تو ہم مسلمانوں کی شناخت اور واجبات ہیں کہ ہم خاتم الانبیاؑ کے امتی ہیں۔ معاملات زندگی قرآن و حدیث کے مطابق گذارنا ہی دراصل اسلام ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کا بتایا ہوا راستہ ہے۔ اس راستے پر خود سرور کائنات نے عمل کیا اور آئمہ معصومینؑ نے ہمیں بتایا۔

انہوں نے کہا اقتصادیات اور معیشت میں بھی فرق ہے۔ اسلامی تعلیمات کو جاننے والا ہی اقتصادیات کا درس دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا فرمان گرامی ہے کہ روزانہ غسل کرنے کی بجائے ایک دن کا وقفہ کریں، کیونکہ انسان بیج کی طرح ہے۔ روزانہ پانی دو گے تو نقصان ہوگا۔ وقفے سے نہانے سے آپ کی اقتصاد بھی فائدے میں رہے گی۔

مولانا تطہیر زیدی نے زور دیا کہ کھانا کھاتے وقت احتیاط کریں۔ جو آپ نے کھا لیا، ا س کا اللہ حساب نہیں لے گا۔ لیکن جو ضائع کیا اس کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ گھر ہو یا شادی ہال، کھانے وقت پلیٹ بھرنے کی بجائے، تھوڑا تھوڑا لیں جتنے کی آپ کو ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا سادہ زندگی گزارنے کے ساتھ تصنع، اور دکھاوے سے بھی پرہیز کریں۔ ان کا کہنا تھا سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام کو معیار حق قرار دیتے ہوئے فرمایا اے اللہ حق کو ادھر موڑ دے جس طرف علیؑ مڑ جائیں۔

مولانا تطہیر زیدی نے کہا ہم معصومین علیہم السلام جیسی نماز نہیں پڑھ سکتے، البتہ ان کی پیروی تو کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا امید ہونے پر بچے کا نام رکھ دینا چاہیے، تاکہ وہ بے شناخت نہ رہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .