حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے کہا کہ تمام آسمانی کتب قرآن مجید، انجیل، تورات ، زبور اور دیگر صحف انبیا ،انسان کی کردار سازی کے لئے اللہ تعالیٰ نے نازل کئے۔ ان کتب میں اسلوب زندگی سکھایا گیا کہ خالق کائنات انسانی زندگی کو کس طرح گذرتے دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا ہماری یہ زندگی شاہد اور آئندہ کی زندگی مشہود ہے۔ انبیا اور آئمہ معصومین علیہم السلام یہاں زندگی گذار کرچلے گئے تو ہمیں بھی وہیں جانا ہے۔ معصوم فرماتے ہیں : اے لوگو! ایک دن آئے گا کہ تمہیں صفات کے آئینے میںدکھایا جائے گا۔ یعنی جو کردار اس کا دنیا میں تھا اگلے جہاں بھی اسی صفت میں انسان اٹھایا جائے گا۔ یعنی کوئی سانپ، بچھو، بلی، لومڑی، چیونٹی کی شکل میں ہوگا۔ معصوم فرماتے ہیں، مغرور لوگ روز محشر چیونٹیوں کی شکل میں اٹھائے جائیں گے۔اور اہل محشر کے قدموں میں روندے جائیں گے۔
مولانا تطہیر زیدی نے کہا 20 سال کی عمر تک نوجوان کو شیطان اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کرتا ہے۔ پھر یہ اس پر منحصر ہے کہ وہ رحمان کا راستہ اختیار کرتاہے ، یا شیطان کا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نوجوانوں کی کردار سازی کی بجائے انہیں خراب کررہا ہے۔ والدین توجہ دیں۔