۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا تطہیر زیدی

حوزہ/ عبادات میں سے اہم ترین جسمانی عبادت اور مالی عبادت ہے۔ جسمانی عبادت جیسے نماز، روزہ اور حج وغیرہ، اور مالی عبادت جیسے زکوٰة ،خمس ،صدقات وغیرہ۔ مومنین کو دونوں عبادات کو انجام دینا چاہیے۔ دولت کے ذریعے ہم فلاحی کام جیسے مدارس ، ہسپتال اور مختلف ادارے بنا سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ میں حجة الاسلام مولانا تطہیر حسین زیدی نے کہا عبادات میں سے اہم ترین جسمانی عبادت اور مالی عبادت ہے۔ جسمانی عبادت جیسے نماز، روزہ اور حج وغیرہ، اور مالی عبادت جیسے زکوٰة ،خمس ،صدقات وغیرہ۔ مومنین کو دونوں عبادات کو انجام دینا چاہیے۔ دولت کے ذریعے ہم فلاحی کام جیسے مدارس ، ہسپتال اور مختلف ادارے بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم فرماتے ہیں’وہ ہم میں سے نہیں ہے کہ جو دین کی خاطر دنیا کو ترک کر دے اور وہ بھی ہم میں سے نہیں کہ جو دنیا کی خاطر دین کو ترک کردے‘۔ اگر دنیا اتنی بری ہوتی تو دنیا کو جس نے خلق کیا وہ قطعا ًیہ دعا ہمیں تعلیم نہ دیتا: اے ہمارے پرودگار ! ہمیں اچھی دنیا بھی دے اور اچھی آخرت سے بھی نواز دے۔ دنیا اچھی بھی ہے اور بری بھی لیکن ہمیں اچھی دنیا کو اختیا ر کرنا ہے‘۔

مزید کہا کہ حضرت امام رضا سب سے امیر امام ہیں جن کے پوری دنیا میں سونے اور چاندی کے بازار ہیں اور مختلف فیکٹریوں میں ان کا حصہ ہے۔امام ؑ کی سیرت میں یہ ہے کہ وہ شاہانہ لباس پہنتے تھے جن میں موتی جڑے ہوتے تھے۔ لوگ آپ پر اعتراض کرتے تھے کہ آپ کے جد امجد ایسا لباس نہیں پہنتے تھے اور آپ اتنا قیمتی لباس پہنتے ہیں؟ آپ سوال کرنے والے کوجواب دیتے اس زمانے میں کہ جب مسلمانوں کی حالت اچھی ہے اس وقت نعمت کا اظہار نہ کرنا کفران نعمت ہے اور پھر آپ اپنے لباس کو ہٹاتے اور اندر سے کھردرا لباس کہ جو پھٹا پرانا ہوتا دکھاتے ا ور فرماتے وہ لوگوں کو دکھانے کے لئے ہے اور یہ لباس اللہ کی رضا اور اپنے آباو اجداد کی سیرت پر چلنے کے لئے ہے۔کسی تاجر نے امام رضاؑ کو اپنے گھر دعوت دی اور جب امام اس کے گھر گئے تو دیکھا جس طرح وہ امیر اور دولتمند ہے اس کے مطابق اس کا گھر نہیں ہے۔ آپؑ نے اس سے پوچھا کہ آپ اس چھوٹے سے محقر گھر میں کیوں رہتے ہیں؟ تو اس نے کہا : مولا! یہ میرے بابا اور دادا کا گھر ہے میں اسے بیچنا نہیں چاہتا۔ امام نے فرمایا: اپنے اس گھر کو بیچ کر بڑا گھر خریدو۔ اسلام ہماری عزت چاہتا ہے نہ کہ ذلت۔ مسلمان جتنا زیادہ سرمایہ دار اور امیر ہوں گے اتنا اسلام کا رعب بڑھے گا۔

مولانا تطہیر زیدی نے کہا کتابیں دو طرح کی ہیں۔ ایک قسم وہ ہے کہ جو انسان لکھتا ہے اور جس کے سبب انسان ڈاکٹر، انجینئر، سیاستدان، استاد اور تاجر بنتا ہے اور دوسری قسم کی کتاب وہ ہے کہ جسے ا للہ تعالیٰ بھیجتا ہے جو لاریب کتاب قرآن ہے اور انسان کی ہدایت کے لئے ہے۔اس میں زندگی کے تمام حقائق اور ہدایت جمع ہے۔آپ جس شعبہ زندگی سے تعلق رکھتے ہیں آپ کو چاہیے کہ آپ تین کتابیں اپنی ٹیبل کی دائیں جانب رکھیں اور وہ کتابیں قرآن مجید ، نہج البلاغہ اور صحیفہ سجادیہ ہیں۔ اور ان کی ایک سطر بھی مطالعہ کریں تو آپ کی دنیا بھی سنور سکتی ہے او آخرت بھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .