حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق مجلس خبرگان کے سربراہ آیت اللہ جنتی نے گذشتہ روز حرم حضرت فاطمہ معصومہ(س) میں جاکر اپنی شخصی کتابیں اس حرم کی لائبریری کو ہدیہ کردیں۔
آیت اللہ جنتی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: جو کتابیں میں حرم حضرت معصومہ(س) کی لائبریری کو ہدیہ کررہا ہوں یہ کتابیں میں نے ضرورت کے وقت تہیہ کی تھیں۔ اگرچہ اس وقت میری مالی حالت زیادہ اچھی نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں نے یہ علمی کتابیں خریدیں اور گھر میں جب موقع ملتا تو میں ان کتب کا مطالعہ کرتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا: میں ان کتابوں میں سے بہت کم اپنے پاس رکھوں گا کیونکہ ممکن ہے کہ مجھے ان کی ضرورت پڑے البتہ یہ کتابیں بھی آخرکار حرم حضرت معصومہ(س) کی لائبریری کو ہی دوں گا تاکہ ان کتب سے وہ علماء اور طلاب استفادہ کرسکیں جو مہنگائی اور مالی مشکلات کی وجہ سے کتابیں نہیں خرید سکتے اور مطالعہ کیلئے لائبریری کا رخ کرتے ہیں۔
مجلس خبرگان کے سربراہ نے کہا: یہ کتابیں ناقابل(کم ارزش) ہیں لیکن خداوند متعال کا کرم بہت زیادہ ہے «یَقْبَلُ الْیَسِیرَ، وَیَعْفُو عَنِ الْکَثِیرِ» وہ بہت کم عمل کو قبول کرلیتا ہے اور بہت زیادہ گناہوں سے درگزر کرتا ہے۔
میں بھی اپنے تمام وجود سے اعتراف کرتا ہوں کہ میرا عمل کسی قابل نہیں ہے لیکن خداوند کا کرم اور اس کی رحمت بہت وسیع ہے۔ امید ہے کہ خدا ہمیں بھی صالحین میں سے قرار دے گا۔