حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی گارڈین کونسل کے جنرل سکریٹری آیت اللہ احمد جنتی نے آج اس کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں نئے صدر کی تقریب حلف برداری کی تقریب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: سیاسی تجزیہ نگاروں اور دنیا کے لکھاریوں کو امریکہ میں رونما ہونے والے ان پرتشدد واقعات کے متعلق تجزیہ و تحلیل کرنا چاہیے تاکہ یہ واقعات ان افراد کے لیے درس عبرت ہوں جو سیاسی خلفشار کے شکار اس ملک سے اب بھی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: امریکہ کے حالات اس قدر آشفتہ ہیں کہ وہاں ڈیموکریسی، اخلاق اور انسانیت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی اور اس ملک میں حکمران صرف شخصی اور جزئی مفادات حاصل کرنے کی فکر میں ہیں۔
ایرانی گارڈین کونسل کے جنرل سکیٹری نے کہا: امریکہ سالہا سال سے مختلف بحرانوں کا شکار ہے۔ ٹرمپ کے دور حکومت میں ان بحرانوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے دور حکومت میں امریکہ کو شدید اقتصادی اور سیاسی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور امریکہ میں اجتماعی فاصلے بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا: اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے لیے نمونہ ہے۔ ہمیں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ اپنی داخلی استعداد پر بھروسہ کرنا چاہیے اور ہمارے حکمرانوں کو لوگوں کی معیشت میں بہتری لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔