حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گارڈین کونسل کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ احمد جنتی نے اس کونسل کے اجلاس میں شہادت امیرالمومنین علیہ السلام کے ایام کی مناسبت سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا: شب قدر کی برکتوں اور فیض سے سب کو معنوی استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فضائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: جس نے اپنی عمر اور اپنا وجود اسلام اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے وقف کر رکھا تھا لوگوں نے ان کے ساتھ کیا سلوک کیا؟ انہیں محرابِ مسجد میں شہید کر دیا۔ رات کو آپ کی تدفین ہوئی اور مدتوں تک آپ کی جائے دفن سے کوئی آگاہ نہیں تھا۔ حضرت علی علیہ السلام کی اس مظلومیت کو کیسے دیکھا جائے گا؟۔
آیت اللہ جنتی نے مزید کہا: کربلا میں مظلومیت اور مصیبت کی حد ہو گئی لیکن طول تاریخ میں حضرت علی علیہ السلام جیسا کوئی مظلوم نہیں ہو گا۔
گارڈین کونسل کے جنرل سکریٹری نے آخر میں کہا: شبہائے قدر میں جس طرح انسان اپنی مغفرت کی فکر میں ہوتا ہے اسے دوسروں اور اپنے دوستوں کی یاد میں بھی رہنا چاہیے اور بارگاہ خداوندی میں دعا کرنی چاہیے کہ خداوند متعال ان راتوں کی برکت سے شیعیان اہل بیت علیہم السلام کو فتنوں سے محفوظ رکھے۔