۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
جلسه شورای نگهبان - 28 مهر ا400

حوزہ/ ایران کی گارڈین کونسل کے جنرل سیکرٹری نے کہا: مسلمانوں کے درمیان وحدت عبادت ہے۔ انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کی خبروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے دو مسلم ممالک کے درمیان اچھے تعلقات اور مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اگر ان دو مسلمان ممالک کی آپس کی مشکلات حل ہو جائیں تو یہ بہت اہم اقدام ہو گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گارڈین کونسل کے جنرل سکریٹری آیت اللہ احمد جنتی نے اس کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا: مسلمانوں کے پاس آج جو کچھ بھی ہے وہ پیغمبرِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زحمتوں اور خدمات کی بدولت ہے۔ ہمیں ان کا قدر دان ہونا چاہئے اور خدا سے درخواست کرنی چاہئے کہ ہمیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کی پاک و پاکیزہ اولاد کے ساتھ محشور فرمائے۔

انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:  امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنی پر برکت عمر میں پابندیوں اور مشکلات کے باوجود فقہ کے مختلف ابواب میں بہت زیادہ روایات بیان کی ہیں اور قیامت تک آپ کے آثار برکت کا باعث ہیں۔

گارڈین کونسل کے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا: امام جعفر صادق علیہ السلام کی روایات توحید، نبوت، امامت، اصول و فروع دین اور دیگر موضوعات پر مشتمل ہیں۔ آپ نے اپنے درس میں بہت زیادہ شاگرد اور مجتہد تربیت کئے اور اگر آپ کی علمی تحریک نہ ہوتی تو شاید آج اسلام سے کوئی چیز باقی نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا: مسلمانوں کے درمیان وحدت کا ہونا عبادت کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کی خبروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے دو مسلم ممالک کے درمیان اچھے تعلقات اور مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اگر ان دو مسلمان ممالک کی آپس کی مشکلات حل ہو جائیں تو یہ بہت اہم اقدام ہوگا۔

 آیت اللہ جنتی نے آخر میں کہا: دنیائے اسلام کی مشکلات مسلط کردہ ہیں اور اسلام مخالف گروہوں کا شاخسانہ ہیں لہذا مسلم ممالک کو چاہئے کہ وہ دشمنانِ اسلام اور شیطانی طاقتوں کا ساتھ دینے کے بجائے متحد ہوکر امتِ اسلامی کے مفادات کے لئے کام کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .