۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولوی فاروقی

حوزہ / شہر بیرجند میں اہل سنت کے امام جمعہ نے کہا: عالم اسلام کے لئے امام حسین علیہ السلام کی شہادت بہت بڑی مصیبت تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے خبر نگار سے گفتگو کرتے ہوئے، ایران کے شہر بیرجند میں اہلسنت امام جمعہ مولوی غلام حیدر فاروقی نے، محرم الحرام اور سیدالشہداء حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے تسلیت و تعزیت کرتے ہوئے کہا: کسی پر پوشیدہ نہیں ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام سید الشہداء ہیں اور ماہ محرم سے جڑی ہوئی بہت تلخ یادیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: امام حسین علیہ السلام کی شہادت عالم اسلام کے لئے بہت بڑی مصیبت تھی اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے فضائل اور بالخصوص حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا، امام علی علیہ السلام، امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کے فضائل کے متعلق بہت زیادہ مطالب موجود ہیں اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مسلمانوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اہل بیت علیہم السلام سے حسن سلوک اور احترام سے پیش آئیں۔

مولوی فاروقی نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک دوسری جگہ فرمایا ہے: "امام حسن و امام حسین علیہ السلام جوانان جنت کے سردار ہیں" اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا "الحسن و الحسین ریحانه الله فی‌الدنیا" اور جو ہم سے محبت کرتا ہے اسے ان دونوں شہزادوں سے بھی محبت کرنی چاہئے۔

انہوں نے اس بات کرتے ہوئے کہا کہ اہل سنت محبت اہل بیت علیہم السلام کو واجب اور ان کی توہین کو حرام قرار دیتے ہیں اور اہل سنت کے مذاہب اربعہ میں سے کوئی مذہب اہلبیت علیہم السلام سے دشمنی نہیں رکھتا اور جو اہل بیت علیھم السلام سے دشمنی رکھتا ہو وہ درحقیقت اہل سنت نہیں ہے۔

شہر بیرجند کے امام جمعہ نے کہا: امام حسین علیہ السلام کے قیام کا مقصد دین رسول خدا کی اصلاح تھی۔ جب امام نے منکرات اور فسق و فجور کو یزید کی حکومت میں دیکھا تو قیام کیا اور اسی راہ میں شہادت پائی۔

مولوی فاروقی نے کہا: امام حسین علیہ السلام نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ امر بالمعروف ونہی عن المنکر سب پر واجب ہے۔

انہوں نے کہا: تمام اسلامی ممالک کی بدبختی یہ ہے کہ وہاں مسلمان برائیوں کو دیکھتے ہیں لیکن ان پر خاموشی اختیار کرتے ہیں۔

شہر بیرجند کے اہل سنت امام جمعہ نے کہا: امام حسین علیہ السلام کی وہی ذمہ داری تھی جو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہوتی تھی اور امام علیہ السلام نے لوگوں کی اصلاح کے لیے برائیوں کے خلاف قیام کیا۔

مولوی فاروقی نے آخر میں کہا: اہل سنت ایام محرم اور بالخصوص نویں اور دسویں محرم کو روزہ رکھتے ہیں اور نماز اور قرآن کریم پڑھتے ہیں اور ان کا ثواب سید الشہداء علیہ السلام اور ان کے باوفا ساتھیوں کی ارواح پاک کو ہدیہ کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .