حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام سوگوار ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے گوشہ و کنار میں رسول خدا (ص) کی رحلت اور فرزند رسول خدا حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی شہادت کا غم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت اطہار علیہم السلام بیان کر رہے ہیں۔ عزادار، رسول اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو پرسہ دے رہے ہیں۔
کل رات سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ انتیس صفر المظفر سنیچر17 اکتوبر یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔
حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے مختلف صحنوں میں علماء کرام مختلف زبانوں میں رسول اکرم صل اللہ عیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے احادیث مبارکہ اور فضائل و مصائب بیان کررہے ہیں۔
دوسری جانب مقدس شہر قم میں بھی ہزاروں سوگوار رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور شہادت امام حسن علیہ السلام کی یاد میں عزاداری کر رہے ہیں۔
عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کےدیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا اور ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر سال اٹھائیس صفر کو رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم رحلت اور آپ کے پیارے نواسے حضرت اما حسن علیہ السلام کا یوم شہادت جبکہ تیس صفر کو حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے لاکھوں زائرین ایران بالخصوص مشہد مقدس کا رخ کرتے ہیں اور ماتم داری کرتے ہوئے امام رضا علیہ السلام کی خدمت میں انکے جد امجد کا پرسہ پیش کرتے ہیں۔ تاہم اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے عزاداری کے مراسم طبی اصولوں کے مد نظر منعقد ہو رہے ہیں۔