۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حرم امام رضا(ع) میں نئے شمسی سال کے آغاز کی مناسبت سے جشن عید نوروز اور دعا و نیایش

حوزہ/ حرم امام علی رضا (ع) میں نئے شمسی سال 1401 کا آغاز حرم مطہر رضوی کے نقاروں کی دلنشین آواز سے ہوا ،جشن نوروز کے اس پروگرام میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین و مجاورین نے ایس او پیز کی باقاعدہ پابندی کرتے ہوئے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم امام علی رضا (ع) میں نئے شمسی سال 1401 کا آغاز حرم مطہر رضوی کے نقاروں کی دلنشین آواز سے ہوا ،جشن نوروز کے اس پروگرام میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین و مجاورین نے ایس او پیز کی باقاعدہ پابندی کرتے ہوئے شرکت کی۔

عید نوروز کا تیہوار فقط اسلامی جمہوریہ ایران تک محدود نہیں بلکہ جہاں جہاں تک فارسی زبان کے اثرات ہیں وہاں وہاں نہایت جوش و خروش کے ساتھ جشن نوروز منایا جاتا ہے ،اسلامی جمہوریہ ایران میں عید نوروز کے جشن کو اہم تیہوار کے طور پر منایا جاتا ہے ،نیا سال شروع ہونے سے پہلے گھروں کی صفائی و ستھرائی کی جاتی ہے اور نوروز کے دن صلہ رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور عز یز واقارب سے ملاقاتیں کی جاتی ہیں تحویل سال کے وقت دعا و نیائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

عید نوروز کا یہ تیہوار گذشتہ تین برسوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اجتماعی طور پر نہیں منایا گیا لیکن اس سال کورونا وائرس کی ویکسنیشن کا مرحلہ مکمل ہونے اور کافی حد تک اس منحوس وائرس پر قابو پانے کی وجہ سے یہ جشن جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔

اسی مناسبت سے حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر کو پھولوں سے سجایا گیا اور صحنوں میں قالینیں بچھائی گئیں،گلاب و عنبر کی خوشبو سے پورا حرم مہک اٹھا،تحویل سال(نئے سال کے آغاز)کے وقت دعا و نیائش میں شرکت کے لئے لاکھوں کی تعداد میں زائرین و مجاورین حرم امام رضا (ع) میں موجود تھے۔

عید نوروز کے جشن کا آغاز دن 2 بجے سےہوا جس میں سید مجید بنی فاطمہ نے نہایت دلنشین آواز میں امام رضا(ع) کی مخصوص صلوات پڑھی،حجت الاسلام والمسلمین فلاح زادہ نے شرعی احکام بیان کئے جس کے بعد زیارت آل یاسین اور امام زمان(عج) کی شان میں اشعار پڑھے گئے۔

’’گلدستہ ہائے حرم‘‘ نامی گروپ نے اجتماعی طور پر امام زمانہ (عج) کی شان میں قصیدے بھی پڑھے جس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان نے جشن میں شریک حاضرین اور زائرین کو خطاب کیا۔

نماز مغربین سے پہلے حجت الاسلام والمسلمین شہاب مرادی جو کہ اس محفل جشن کے خصوصی مہمان تھے انہوں نے خطاب کیا اس کے بعد دعائے توسل اور قرآن کریم کی تلاوت کی گئی۔

نماز مغربین کے اختتام پر ملک کے مشہور مداح اہلبیت جعفرملائکہ نے مناجات پڑھیں، تحویل سال(سال شروع ہونے) سے تھوڑی دیر پہلے ویڈیو کلپ چلایا گیا جس میں ایک آیت کی تلاوت،امام خمینیؒ کی تقریر کے چند جملے ،شہید حاج قاسم سلیمانی کی دعا، رہبر معظم انقلاب اسلامی کی دعا اور نوروز کی مناسبت سے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی گفتگو کو نشر کرنے کے ساتھ ساتھ نیا سال شروع ہونے کی دعا بھی پڑھی گئی ۔

دعا و نیائش کے بعد حرم امام رضا علیہ السلام کے نقارہ خانہ سے نقاروں کی دلنشین آواز نے نیا ہجری شمسی سال1401 شروع ہونے کی نوید سنائی۔

قابل ذکر ہے کہ عید نوروز کے اس جشن کو حرم امام رضا(ع) سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام ٹی وی چینلوں سے براہ راست نشر کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .