حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر میں عید غدیر کا جشن انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان، عراق، ہندوستان،شام، یمن، بحرین میں بھی عید غدیر کی مناسبت سے ہر طرف جشن اور محفلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران میں عید غدیر کی مبارک شب کی مناسبت سے مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جشن اور قصیدہ خوانی کی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے-
عید غدیر کے سلسلے میں مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان ولایت عید ولایت کا جشن منا رہے ہیں-
عید غدیر اور عید مباہلہ کی مناسبت سے پورے ایران میں عشرہ ولایت کی تقریبات دو روز قبل سے ہی باقا عدہ شروع ہو چکی تھیں جو پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں-
نجف اشرف میں مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کا حرم مطہر اس وقت عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں زائرین سے چھلک رہا ہے اور عید غدیر کا جشن بہت ہی دھوم سے منایا جا رہا ہے-
شام میں جناب زینب سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی عید غدیر کا جشن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس میں زائرین اور خدام کی بڑی تعداد شریک ہے-
غدیر خم مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک علاقے کا نام ہے کہ جہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر حضرت علی علیہ السلام کو اپنے بعد اپنا جانشین اور مسلمانوں کا ولی اور خلیفہ اعلان فرمایا تھا-
آپ نے غدیر خم کے اہم خطبے میں فرمایا کہ "من کنت مولاہ فھذا علی مولاہ"۔ جس کا میں مولا ہوں میرے بعد علی اس کے مولا ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عید غدیر کو اسلامی روایات میں عیدالاکبر یا سب سے بڑی عید قرار دیا گیا ہے-