پیر 26 ستمبر 2022 - 15:45
یوم شہادت امام رضا (ع) کے موقع پر لاکھوں عزادار مشہد مقدس پہنچے

حوزہ/ نواسہ رسولؐ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر ایران اور دنیا بھر سے لاکھوں عزاداران مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہ صفر المظفر کی 30 تاریخ مطابق 27 ستمبر کو نواسہ رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔ لہذا ہر سال کی طرح اس سال بھی لاکھوں عزادار ایران کے شہر مشہد مقدس میں جمع ہوئے جہاں امام علی رضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جائے گا۔ اس سال مشہد مقدس پہنچنے والے زائرین کی تعداد گزشتہ دو سالوں کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہے۔ گزشتہ سالوں میں کورونا کی وجہ سے غیر ملکی زائرین کی تعداد کم تھی۔

اطلاع کے مطابق اس بار مشہد مقدس میں حرم امام رضا علیہ السلام اور اس کے اطراف کی سڑکیں کئی دن پہلے سے زائرین اور عقیدت مندوں سے بھری ہوئی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں، دیہاتوں اور قصبوں اور اسی طرح دیگر ممالک سے لاکھوں زائرین امام کی شہادت کے خصوصی پروگرام میں شرکت کے لیے مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔

امام رضا علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مشہد، قم اور دارالحکومت تہران سمیت پورے ایران میں اجتماعی جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ منگل کو صبح کی نماز کے آغاز سے ہی مشہد مقدس اور اس کے گردونواح سے عزادار حرم مطہر میں پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ زائرین کا سب سے بڑا پیدل مارچ کئی روز قبل مقدس شہر مشہد مقدس سے 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے نیشاپور سے شروع ہوا تھا۔ ایران اور دیگر ممالک کے مختلف علاقوں سے زائرین اس پیدل مارچ میں شرکت کے لیے اربعین حسینی کے بعد ہی نیشاپور پہنچنا شروع ہو گئے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر ہندوستان، پاکستان، افغانستان، جمہوریہ آذربائیجان، عراق اور دیگر ممالک سے دسیوں ہزار زائرین مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha