۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ ظالم و جابر حکمرانوں کے دور حکومت اور نامساعد حالات میں بھی کلمہ حق بلند کرتے رہنا اہلبیت اطہار علیہم السلام کی زندگی کا شعار رہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے موقع ہر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام کی سربلندی اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے خاندان رسالت کے کردار اور قربانیوں کا احاطہ کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں آئمہ اطہار علیہم السلام کے فرمودات امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ظالم و جابر حکمرانوں کے دور حکومت اور نامساعد حالات میں بھی کلمہ حق بلند کرتے رہنا اہلبیت اطہار علیہم السلام کی زندگی کا شعار رہا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے اپنی اٹھائیس سالہ زندگی کے کٹھن ترین دور میں بھی جس استقامت اور حوصلے سے دین حق کی تبلیغ کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ آپ وہ مظلوم شہید ہیں جن کی شہادت پر ان کے اہل و عیال کو کھل کر رونے بھی نہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی حقیقی تعلیمات ہم تک آسانی سے نہیں پہنچی اس کے لیے خاندان رسالت کے ہر فرد کو سخت ترین آزمائش اور کرب ناک اذیت سے گزرنا پڑا۔ آئمہ اطہار علیہم السلام کے ماننے والوں کو ہر طرح کی مشکلات کے لیے ہر وقت آمادہ رہنا چاہیے۔حکومتی جبر و بربریت کے حربوں سے اہلبیت علیہم السلام کے ماننے والوں کو ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا۔
میڈیا سیل

تبصرہ ارسال

You are replying to: .