حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر میں خاتم الانبیاءحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی خوشی میں ”جشن میلاد صادقین “ کا اہتمام کیا گیا۔ جشن صادقین کی مناسبت سے جامعہ میں چراغاں کیا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔
جشن میلاد صادقین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد ارشد ترابی نے کہا کہ جتنی بڑی عظیم ہستی ہوگی اتنے ہی بڑے پیمانے پر ان کا یوم ِ ولادت منایا جاتاہے۔ کائنات میں حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر کوئی ہستی نہیں، اس لئے ان کا یوم ولادت بھی مسلمان اتنی ہی عظمت سے مناتے ہیں، جتنی بڑی وہ شخصیت ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ رسول اللہ کے بعد ان کی ذریت طیبہ کے 13معصومین ہیں جن میں چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی حیثیت بہت ممتاز ہے۔ ان کے دور امامت میں اسلامی تعلیمات کو فقہ جعفری کا نام دیا گیا چونکہ انہوں نے بہت بڑے پیمانے پر اسلامی تعلیمات کی تعلیم دی اور مختلف شعبہ جات میں ماہرین کی تربیت کی۔ برادران اہل سنت کی فقہ حنفیہ کے بانی امام ابوحنیفہ اور معروف کیمیا دان جابر بن حیان ، صادق آل محمد کے شاگردوں میں سے ہیں۔
مولانا محمد ارشد ترابی نے کہا کہ پیغمبر اکرم رحمت اللعالمین اور پوری کائنات کیلئے قیامت تک کی انسانیت کی تعلیم و تربیت اور اعلیٰ اخلاق کیلئے معلم ، مربی و نمونہ عمل ہیں۔