تحریر: مولانا سید حمید الحسن زیدی،مدیر
الاسوہ فاؤنڈیشن سیتاپور
تربیت
حوزہ نیوز ایجنسی। تربیت کا مادہ ’’رب و ‘‘ ہے جس کے معنی ہیں پرورش کرنا ، پروان چڑھانا اصطلاح میں تربیت یعنی انسان کے اندر پائی جانے والی (پوشیدہ )صلاحیتوں کو اپنے مطلوبہ مقاصد کی راہ میں بروئے کار لانے کے لئے ماحول فراہم کرنا ۔
اسلامی تربیت
اسلامی تربیت سے مراد تربیت کے لئے دینی تعلیمات کو بروئے کار لاناہے جن کے بارے میں قرآن مجید اور اسلامی روایات میں اشارہ کیا گیا ہے
تزکیہ
البتہ قرآن مجید میں معنوی اور اخلاقی تربیت کے لئے تزکیہ کا لفظ اور اس سے مشتق ہونے والے کلمات استعمال ہوتے ہیں جیسے قد افلح من زکٰھا و قد خاب من دسٰھا ۔ (سورہ شمس ؍ ۹۔۱۰)جس نے اپنے نفس کو پاک بنایا وہ کامیاب ہوا اور جس نے اسے دھوکہ میں رکھا اس نے گھاٹا اٹھایا یزکیھم و یعلمھم الکتاب والحکمۃ (سورہ جمعہ )
اللہ کا نبی لوگوں کو پاکیزہ بناتا ہے اور انھیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے ۔
نمونہ اور آئیڈیل کی ضرورت
کامیاب تربیت اور تزکیہ کے لیے تعلیمات کے ساتھ مثال ؛نمونہ اور آئیڈیل پیش کرنا ضروری ہوتا ہے چنانچہ انسان کو پیدا کرنے والے خالق نے قرانی تعلیمات کے ساتھ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شکل میں اس کی عملی تصویر پیش کی ارشاد فرمایا *لقدکان لکم فی رسول اللہ اسوۃحسنۃ* تمھارے لئے اللہ کے رسول کی سیرت بہترین نمونہ ہے
سیرت رسالت کے عملی نمونے
پیغمبراسلام ص نے اپنی زندگی میں اپنے جیسے سیرت و کردار کے متعدد نمونے متعارف کرائے جیسے ہمارے بارہ امام علیہم السلام جن میں سر فہرست نفس رسالت مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی ذات بابرکت ہے جن کے سیرت وکردار کو دیکھ کر رسول اسلام کی سیرت کی مکمل تصویر وتفسیر کو دیکھا جاسکتا ہے
سراپا سیرت
لیکن مردوں میں سیرت وکردار کے ان نمونوں کے علاوہ جس ایک سیرت کو مکمل طور پر نبی اکرم کے سیروکردار کا آئینہ قرار پانے کاشرف حاصل ہے وہ ذات بابرکت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ہے جنھیں رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا ٹکڑا کہہ کر متعارف کرایا ہے فاطمۃبضعۃمنی
فاطمہ میرا ٹکڑا ہے
لہذا پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس بیٹی کے سیرت وکردار کو پڑھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے سے سیرت وکردار رسالت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس نے اپنی مختصر سی زندگی میں تمام قرآنی اور اسلامی تعلیمات کو حیات رسول کے ائینہ میں ڈھال کر دنیا کے سامنے پیش کیا تاکہ آنے والی نسلیں حالات کی ناسازگاری کو تعلیمات اسلام اور سیرت رسول اسلام پر عمل پیرا نہ ہوپانے کا بہانہ نہ بنا سکیں
تربیتی سیرت کے کچھ عناوین
یہاں پر آپ کے سیرت وکردار کے بعض عناوین ذکر کئے جارہے ہیں جن کے بارے سلسلہ وار مختصر بحث ایام عزائے فاطمیہ کے دوران کی جاتی رہے گی اور پھر شہزادی کی ولادت کے موقعہ پر انشاءاللہ اسے کتابی شکل میں پیش کیا جائے گا:
(1)مشکلات و مصائب کا سامنا ؛ان پر صبروتحمل
(1) عبادت پرودگار
(2)حرمت رسالت کا پاس ولحاظ
(3) تعلیم وتربیت (4)زہدوپارسائی
(5)جود وکرم
(6)صاحبان ایمان کے ساتھ حسن سلوک
(7)شوہر کے ساتھ بہترین برتاؤ
(8)گھر کے کام کاج
(9)بچوں کی تربیت (10)محاذجنگ کی حمایت
(11) رسول اسلام کے بعد ولایت وامامت کا دفاع
(12)مصائب وآلام کے باوجود فرائض کی ادائیگی
(13) منافق کی نقاب کشائی (14)وصیتیں)
جاری ہے۔۔۔