حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے شہر قزوین سے/ مدرسہ علمیہ شیخ الاسلام کے صحن میں آج سہ پہر صفر کے مہینے کی آخری عشرہ کے ایام عزاء کی مناسبت سے صوبائی نمائندہ ولی فقیہ اور امام جمعہ کی طرف سے مراسم عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق منعقدہ اس مجلس عزاء میں حوزه علمیه قم کے استاد حجت الاسلام آسیابانها نے صفر کے مہینے کی آخری عشرہ کے ایام عزاء کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی زندگی ہمارے لئے بہترین اخلاقی نمونہ ہے کہ بدقسمتی سے ہم اسلام کی اس عظیم شخصیت کے اسوۂ حسنہ کو آج کے جدید معاشرے کی ضروریات کے مطابق لوگوں کے سامنے پیش نہیں کر پائے ہیں۔
حجت الاسلام آسیابانها نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اخلاق کا بہترین نمونہ ہیں اور قرآن میں انہیں مومن اور غیر مومن دونوں کے لئے رحمۃ للعالمین کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا بھر کے مسلمانوں کے اتحاد کا ایک اہم عنصر ہیں اور ان کی تعلیمات دنیا و آخرت میں انسانی سعادت کی راہیں ہموار کرتی ہیں۔قرآن کریم کی آیات سے بخوبی استفادہ کیا جا سکتا ہے کہ نبوت جہان بشریت پر لطف و رحمت خدا ہے اور اگر انبیاء علیہم السلام نہ ہوتے تو انسان دنیا و آخرت کا راستہ کھو دیتا لہذا پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانوں کے لئے رحمت کا ذریعہ بھی ہیں۔
حوزہ علمیہ کے اس استاد نے کہا: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام جہانوں کی ہدایت اور سعادت کے لئے مبعوث کیا گیا اس لئے آپ ایک عالمگیر شخصیت کے مالک تھے اور دنیاوی معاشرہ کے تمام افراد ان کے کردار اور طرز عمل کو نمونہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا و آخرت میں انسانیت کے لئے رحمت کا ذریعہ ہیں اور ہمیں بطور مسلمان اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیروکار ہونے کے ناطے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کرنی چاہئے اور ہمارا اخلاق بھی ان جیسا ہونا چاہئے۔
شہر قزوین میں مذہبی مسائل کے ماہر تعلیم نے کہا: محبین پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منتظرین مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کو چاہئے کہ وہ وحدت و اتحاد کے پیغام کو دنیا بھر تک پہنچائیں۔