۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
علامہ مرید نقوی

حوزہ/ خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ سید المرسلین دنیا میں آتے ہی منصب نبوت پر فائز ،اعلان 40 سال بعد کیا،امتی ہونے کا تقاضاہے کہ سرورکائنات کی صداقت ،امانت ،عدالت اور دیانت جیسی صفات کو خود میں پیدا کریں،ملک میں بدامنی فرقہ واریت اور دہشت گردی کے واقعات پر تشویش ہے، کالا باغ میں ہونے والی دہشت گردی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید مرید حسین نقوی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کے وجود کا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ انسان کی اپنی کوئی چیز نہیں، اللہ نے انسان کو تمام چیزیں عطا کی ہیں، جو وہ واپس لے گا۔ انسان کو دی گئی ہر نعمت کے بارے میں اللہ تعالیٰ انسان سے سوال کرے گا۔

انہوں نے کہا ربیع الاول اللہ کے نبی کا مہینہ ہے ۔ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورحضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت بھی اسی ماہ مقدس میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 40 سال کے بعد نبوت کا اعلان کیا لیکن وہ نبی اس وقت سے ہیں جب حضرت آدم علیہ السلام پانی اور مٹی کے درمیان تخلیق کے مراحل میں تھے ۔سید المرسلین جب دنیا میں آئے تو وہ پہلے دن سے ہی منصب نبوت پر فائز ہیں، البتہ حکمت الہٰی اور حکم خدا سے انہوں نے اعلان نبوت40 سال بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر کے پاس ان 40 سالوں میںبھی لوگ اپنی امانتیں ان کے پاس رکھواتے تھے اور ان کو صادق اور امین سمجھتے تھے ۔

علامہ مرید نقوی نے کہا کہ یہ بات واضح رہے کہ محبت رسول اور اس کے امتی ہونے کا تقاضایہ ہے کہ ہم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صداقت ،امانت ،عدالت اور دیانت جیسی صفات کو خود میں پیدا کریں، محض زبانی دعوے کافی نہیں، ہمیں عملی طور پر صادق اور امین کا پیروکار بننا ہوگا۔

انہوں نے ملک میں بدامنی فرقہ واریت اور دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کالا باغ میں ہونے والی دہشت گردی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا ہمارا سوال ہے کہ کالا باغ کا واقعہ دن دیہاڑے رونما ہوا، عسکری ادارے، عدلیہ ، پولیس، حکومت اور فوج کہاں تھے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت شہدا کے قاتلوں کو گرفتار کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .