۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
احتجاجی دھرنا

حوزہ/کرم یکجہتی کمیٹی کے زیرِ اہتمام 20 ویں روز بھی علامتی دھرنا جاری رہا، دھرنے سے کرم عمائدین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرم یکجہتی کے رہنما اور تحریکِ حسینی کے صدر علامہ تجمل حسین الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 20 ویں روز بھی پُرامن دھرنے کا مقصد صرف اور صرف ضلع کرم میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے، ہمارے مسائل کے حل تک یہ احتجاج جاری رہے گا، ہم زمینوں کے تنازعات پر کمیشن اور منصفانہ تقسیم کا مطالبہ کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کاغذات مال کے مطابق زمینوں کے تنازعات کو حل کیا جائے کیونکہ انہی مسائل کی وجہ سے علاقے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ذاکر ضیغم عباس نے کہا کہ کرم کے محب وطن شہری خراجِ تحسین کے مستحق ہیں کہ 20 ویں روز بھی آپ استقامت کے ساتھ پُرامن احتجاج کی راہ پر گامزن ہیں، مجلس وحدت مسلمین آپ کے تمام مطالبات کو جائز اور ان کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ پارا چنار ایک عرصے سے لڑائی یا قتل غارت میں مبتلا ہے حکومت کو چاہیے کہ ان مسائل کو فوری حل کرے تاکہ دیر پا امن کے لئے راہ ہموار ہوسکے۔

ضلع کرم کے مشیر سید محمد حسین شیرازی نے کہا کہ اس وقت آپ کی مؤثر آواز کی وجہ سے حکومت بھی رابطے کررہی ہے۔ ہمارے مسائل حل بھی ہورہے ہیں اس دھرنے کی وجہ سے ہمارے ضلع کے دیرینہ مسائل کی جانب توجہ مبذول ہوئی ہے۔

دھرنے سے بشیر بنگش، کاظم حسین و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .