حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر ارومیہ سے/ حجت الاسلام رضا میرزاجانی نے ارومیہ کے مدرسہ علمیہ الزہرا میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کی رحلت اور امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی مجلس کو خطاب کرتے ہوئے بیان کیا کہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام بشریت کے لئے مشعل راہ ہیں، رسول اسلام (ص) کی تمام زندگی گھر بار، خاندان، والدین، پڑوسی، مسلمان، اور معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ برتاؤ روا رکھنے میں مشعل راہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ کردار پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دشمنوں کے مدمقابل، عالم اسلام کے سیاسی حلقوں کے لیے راہ گشا اور رہنما ہے کہا کہ: حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصی روش اور آپ کا اخلاق جیسے کہ آپ کی ظاہری آراستگی، کھانے اور پہننے کے آداب، حسن اخلاق، صداقت، نرمی اور مہربانی، عفو اور درگذشت، اور آپ کی دیگر خصوصیات لوگوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں۔
مغربی آذربائیجان کے استاد حوزہ علمیہ نے مزید کہا کہ: جس طرح خداوند متعال نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کو اس آیت کے ذریعہ: "لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ" بہترین صفت سے یاد کیا ہے اسی طرح ہمیں بھی چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے انہیں اپنے لئے نمونہ عمل بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ: علامہ طباطبائی نے «سنن النبی» کے مقدمہ میں جو کہ آپ کے نوٹس سے مرتب کی گئی ہے، اس کتاب کی تالیف کا سبب بیان کرتے ہوئے تحریر فرما ہیں کہ امام صادق علیہ السلام نے ارشاد فرمایا: (مجھے پسند نہیں کہ کوئی بھی مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور آداب کو خواہ ایک بار ہی کیوں نہ ہو انجام دیے بغیر مر جائے۔) نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا مشعل راہ ہونا کسی بھی زمان، مکان یا خاص فرد سے مخصوص نہیں ہے، بلکہ حضرت بطور مطلق عالم بشریت کے لیے نمونہ عمل ہیں۔