۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
مولانا قمی 

حوزہ/ سربراہ پیروان ولایت جموں و کشمیر نے کہا کہ چودہ سو برس قبل آج ہی کے دن مسجد کوفہ میں ملعون ابن ملجم نے مولائے کائنات کو حالت نماز میں شہید کیا اور اس بدترین دہشتگردی کی بنیاد ڈالی جسے آج داعش جیسی دہشتگرد تنظیمیں آبیاری کررہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پیروان ولایت جموں و کشمیر کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب(ع) کے موقع پر تمام عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً چودہ سو برس قبل آج ہی کے دن مسجد کوفہ میں ملعون ابن ملجم نے مولائے کائنات کو حالت نماز میں شہید کیا اور اس بدترین دہشتگردی کی بنیاد ڈالی جسے آج داعش جیسی دہشتگرد تنظیمیں آبیاری کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات ایک ایسی عظیم الشان ہستی ہے جس کے بارے میں رسول گرامی اسلام صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ "میں علم کا شہر ہوں اور علی علیہ السلام اس کا دروازہ ہے "اور علی علیہ السلام کی زکر کو عبادت قرار دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات کی شان اور عظمت بیان کرنا بس کی بات نہیں لیکن مجموعی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ مولا علی صفات الہٰی کا محور ہے جنہوں نے رسول اسلام صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سایہ رحمت میں پرورش پائی،انہی کی گود میں ہوش سنبھالا،زبان رسالت کو چوس چوس کر پروان چڑھے اور علم الٰہی کے لامحدود خزانے سینہ نبوت سے حاصل کئے ۔

مولانا نے کہا کہ مولائے کائنات کی سیرت عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے اگر عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ مولائے متقیان کے سیرت پر عمل پیرا ہوجائیں تو تمام انفرادی و اجتماعی مسائل بغیر کسی جھنڈے تلے حل ہو جائیں گے۔

مولانا نے شب ہائے قدر کو انسانیت ساز قرار دیا اور کہا کہ یہ ایام زندگی سنوارنے کا بہترین موقع ہے لہذا اس کو موقع کو کسی بھی صورت میں گنوانا نہیں چاہیے۔

انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مقدس ایام و شب ہائے قدر میں امت مسلمہ کی کامیابی اور دنیا کو کورونا وباء سے نجات دلانے کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور سنگین حالات میں اجتماعات سے بالکل پرہیز کریں ساتھ ہی ساتھ کورونا گائیڈ لائنز کی بھی بھر پور رعایت کریں

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .